آئی ایس او کے مرکزی کنونشن میں سیلاب کے باوجود ہزاروں طلباء شریک ہوں گے، اطہر عمران
شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے آئی ایس او پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں گفتگو کی۔ اس موقع پر مولانا نیاز احمد، ڈاکٹر تجمل نقوی، تہور حیدری، شکیل اصغر، علی حسین بھی موجود تھے۔ اطہر عمران نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان کا سالانہ مرکزی 43واں سفیران ولایت کنونشن ہے، یہ کنونشن ملت کے باشعور نوجوانوں میں جوش و جذبے کا سبب بنے گا اور انکی عملی زندگی میں بھی رہنمائی کرے گا، انہوں نے کہا کہ کنونشن پاکستان بھر میں اب تک پانچ سو سے زائد علماء کرام اور کنونشن کے مقررین سمیت باہر سے بھی شخصیات سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی کانفرنس، شب شہداء، محفل دوستان، محبین کنونشن اور مہدویت کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کنونشن کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے تشہیراتی و استقبالیہ کیمپ قائم کر دیا گیا جس میں باہر سے آنے والے مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا جا رہاہے جبکہ کنونشن کا آغاز جمعرات کی شب سے ہو جائے گا اور اتوار کی شام تک جاری رہے گا۔
مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ کنونشن کے اہم پروگراموں میں ’’مہدویت امید بشیریت‘‘ کانفرنس ہے جس کے بعد شب شہداء کی نشست ہو گی جس میں خانوادگان اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ کنونشن کے آخری روز آئی ایس او پاکستان کے نئے میر کارواں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ کنونشن میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات خصوصی طور پر علمائے کرام، سیاستدان، دانشور، ماہرین تعلیم اور طلبہ شریک ہونگے۔ کنونشن کی تقریبات بعد ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک ’’حمایت مظلومین جہاں ریلی‘‘ جائے گی۔ ریلی کے اختتام پر نو منتخب مرکزی صدر اسمبلی ہال کے سامنے خطاب کریں گے۔ کنونشن کی سکیورٹی کے انتظامات اسکاؤٹس نے سنبھال لئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کا یہ کنونشن عالمی حالات کے تناظر میں اور ملکی صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کنونشن میں عالمی امور کے ماہرین اور دانشور بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے امت مسلمہ کا بالخصوص نوجوانوں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے خطاب کریں گے۔
اطہر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ کنونشن میں سیلاب کے باوجود ہزاروں امامیہ طلباء شریک ہونگے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں فلڈ ریلیف مہم جاری رہی گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کا یہ سالانہ کنونشن نوجوانوں کی رائے سازی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ نوجوانوں کو بتائے گا کہ یوتھ کے نام پر سیاسی جماعتیں کس طرح نوجوانوں کو اپنے مفادات کی خاطر استعمال کرتی ہیں، اس حوالے سے نوجوانوں کی فکری تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کنونشن نوجوان نسل کی تعلیمی فکری تربیت کے ساتھ ساتھ ترقی اور فکری بالیدگی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔