اسرائیل کے تحفظ کیلئے امریکا نے داعش کو خود تشکیل دیا، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز (کراچی) پاکستان سُنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امریکی سرپرستی میں داعش کیخلاف بننے والا عالمی اتحاد ایک ڈرامہ ہے، امریکہ اور مغربی ممالک عراق اور شام میں اپنے مفادات کا حصول چاہتے ہیں، امریکی ایماء پر مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے داعش کو اسلامی حکومت کا نام دینا اسلام دشمنی ہے، حقیقت یہ ہے کہ امریکہ نے داعش کو خود تشکیل دیا ہے تاکہ دہشتگردی کے خلاف مہم کو جواز بنا کر مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کر سکے، داعش اور طالبان کو بنانے والے ایک ہی ہیں جو مسلمانوں میں فرقہ دارانہ فسادات کروانا چاہتے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلم ممالک کی طاقت کو توڑنا چاہتی ہیں۔ دہشت گرد تنظیم داعش کے نام پر عرب ممالک کے خرچ پر مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کو مضبوط کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ خطے کی دو بڑی طاقتوں ایران اور شام کو تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف اتحاد سے باہر رکھنے سے واضح ہوگیا ہے کہ امریکہ اس کی آڑ میں اسرائیلی مفادات کا تحفظ چاہتا ہے، امریکی پالیسیاں تضادات اور منافقت پرمبنی ہیں۔ عرب ممالک اس کے آلہ کار بننے کی بجائے داعش کے خاتمے کیلئے ازخود حکمت عملی تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسند دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے، مگراس کارروائی کی آڑ میں امریکی و اسرائیلی مفادات کا تحفظ نہ کیا جائے۔ سربراہ سنی تحریک نے کہا کہ اس وقت امریکہ اور یہودی طاغوتی قوتیں ایک منظم سازش کے تحت اسلامی دنیا کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں۔مسلم حکمران اپنے اتحاد سے ایران اور شام سمیت تمام مسلم ممالک کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔