کراچی، تکفیری دہشتگردوں کے خودکش حملے میں ایس ایس پی فاروق اعوان زخمی
شیعہ نیوز (کراچی) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 4 میں ایس ایس پی فاروق اعوان پر امریکی سعودی نواز تکفیری دہشتگردوں کے خودکش حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ فاروق اعوان بھی زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 4 میں ایس ایس پی فاروق اعوان کی گاڑی پر خود کش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں فاروق اعوان کی اسکواڈ میں شامل 2 پولیس اہلکار شہید اور فاروق اعوان بھی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی سی آئی اے فاروق اعوان ڈیفنس میں اپنے دفتر سے اپنی رہائش گاہ گزری کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران گزری تھانے کی حدود مومن چورنگی پر ان گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے موٹرسائیکل کو فاروق اعوان کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا جو اس اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے سے کار، پولیس موبائل اور ایک موٹرسائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور جائے وقوعہ پر 10 سے 15 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔