دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے، پشتونخوامیپ
شیعہ نیوز (کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ سبی کے پررونق علاقے سبزی مارکیٹ کے نزدیک بم دھماکے اور اس میں دو افراد کی ہلاکت اور 21 افراد کے زخمی ہونے کے دہشتگردانہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی کے اس واقعہ میں ملوث مجرموں اور دہشتگردوں کو گرفتار کرکے قانون کی گرفت میں لایا جائے اور عوام کے جان و مال کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز سبی میں سبزی مارکیٹ کے نزدیک بم کا ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ جس میں نہ صرف قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا بلکہ عوام کی قیمتی املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے اس نوع کے واقعات کا بنیادی مقصد عوام کو جان و مال کے تحفظ کے مسئلے سے دوچار کرکے خوف و ہراس پر مبنی ماحول پیدا کرنا ہے اور عوام کے روزمرہ کی کاروبار اور معمولات زندگی کو مشکلات سے دوچار کرنا ہے لیکن دہشتگرد اپنے ناروا عوام دشمن عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے اور عوام کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو کسی صورت متزلزل نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ہمارے باشعور اور غیور عوام میں ہر وقت ہر قسم کی دہشتگردی کو نہ صرف مسترد کیا ہے۔ بلکہ اس کے خلاف تاریخی جدوجہد کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس، ایف سی اور دیگر ایجنسیوں کا بنیادی فریضہ ہے کہ وہ دہشتگردوں کے عزائم کو ناکامی سے دوچار کرنے کے لیے انکے نیٹ ورک کا خاتمہ کریں۔ اس طرح سفاکانہ کارروائیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کے کہٹرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔ دھماکے کے فوری بعد پشتونخوامیپ ضلع سبی کے رہنماؤں و کارکنوں نے زخمیوں کو علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے اور امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لیا۔ بیان میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں، عزیز و اقرباء اور رشتہ داروں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔