پوری دنیا کے مظلومین عالمی حکومت کیلئے عملی کوشش کریں، ڈاکٹر محمد رضا بہروزی
شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سالانہ مرکزی کنونشن سفیران ولایت گذشتہ روز سے جاری ہے، کنونشن کے دوسرے روز تعلیمی سیمینار منعقد ہوا، جس میں پاکستان بھر سے اسکالرز نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، ڈاکٹر ثقلین نقوی اور ڈاکٹر باقر شمیم نقوی نے خطاب کیا۔ کنونشن میں ایجوکیشنل ایکسپو کا بھی انتظام کیا گیا تھا، جس میں ملک بھر کے اہم تعلیمی اداروں کے اسٹالز طلبہ کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ کانفرنس سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلٰی تعلیم کے حصول کی رغبت کی طلبہ میں کمی پائی جاتی ہے جبکہ نوجوانان پاکستان کی پہلی ترجیح تعلیم ہونی چاہئے۔ مرکزی صدر اطہر عمران کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان ہمیشہ سے تعلیم و تربیت پر فوکس کرتی رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجوہ سال کو آئی ایس او نے تعلیم و تربیت کے عنوان سے منایا۔
کنونشن کے دوسرے دن کی دوسری نشست میں عالمی مہدویت کانفرنس منعقد کی گئی، جس علامہ نقی ہاشمی، علامہ امین شہیدی اور ایران سے خصوصی طور پر آئے ہوئے ڈاکٹر محمد رضا بہروزی نے خطاب کیا۔ شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ عالم انسانیت، عالمی حکومت کی طرف گامزن ہے، یعنی دنیا کو مہدویت یا عالمی حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت ہماری میراث ہے اور اس کے نتیجے میں ہم مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کو برباد کرنے کے لئے مایوسی کا ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے، لیکن ہم بیدار اور مضبوط قوم ہیں۔ موجودہ سیاسی تناظر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ نواز شریف کے کالے کرتوت سے پردے اٹھ چکے ہیں، نواز شریف جب تک رہے گا، اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دھرنا کے نتیجے میں بیداری آچکی ہے، پاکستان میں اس وقت ایک منظم سازش کے تحت محرم سے قبل حالت کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن دشمن یہ جان لے کہ ہم سوئے نہیں ہیں، بیدار ہیں۔
ایرانی اسکالر ڈاکٹر محمد رضا بہروزی نے کہا دنیا عالمی حکومت کی متلاشی ہے اور مہدویت تمام انسانیت کو مسائل سے نکالنے کے لئے ایک امید سمجھتے ہیں۔ دنیا اس وقت عالمی گلوبلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام مہدی ؑ کے انقلاب کے بعد دنیا میں مظلومین کی حکومت ہوگی، یہ تب ہی ممکن ہے جب پوری دنیا میں امام مہدی علیہ السلام کا نام ہوگا، امام مہدیؑ کا زمانہ علم و دانش کا زمانہ ہوگا، جہاں معاشرہ میں صالح افراد موجود ہوں گے اور وہ صالح افراد دنیا پر حکومت کریں گے۔ کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلبا، دانشور، مذہبی اسکالرز اور آئی ایس او پاکستان کے سابقین شریک ہیں۔ کنونشن کے آخری روز آئی ایس او پاکستان کے نئے میر کارواں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور مال روڈ پر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک حمایت فلسطین ریلی نکالی جائے گی، جس میں آئی ایس او کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔