حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، شیعہ علماء کونسل
شیعہ نیوز (پشاور) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے پشاور میں آئی جی جیل خانہ جات کے پی اے حیدر علی اور بنک آفیسر سید علی رضا زیدی کو بہیمانہ طریقے سے شہید کرنے کے واقعات میں ملوث انسانیت دشمن عناصر کو فی الفور بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچانے اور پشاور میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے، علامہ محمد رمضان توقیر دونوں شہداء کے گھر گئے اور اُن کے پسماندگان سے تعزیت کی۔ اِس موقع پر شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کی جنرل کونسل کے رکن افتخار علی بنگش، ضلعی صدر آخونزادہ مجا ہد علی اکبر، یونٹ صدر افتخار علی میر اور جعفریہ یوتھ کے کنونیئر جعفر رضا بھی اُن کے ہمراء تھے۔ اس موقع پر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، ملک میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات اس امر کے غماز ہیں کہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور ان حالات میں عوام میں بڑھتا ہوا عدم تحفظ کا احساس اُن کو اپنا تحفظ خود کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے دہشت گردی کے ان واقعات کا فوری تدارک ممکن نہ بنایا اور ان واقعات میں ملوث ملک دشمن عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اُنکو کیفر کردار تک نہ پہنچایا تو ملک خانہ جنگی کی صورتحال حال سے دوچار ہو سکتا ہے، جو وطن عزیز پاکستان کو اندورنی خلفشار کا شکار کر کے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو تقویت دے سکتا ہے، اُنہوں نے صوبائی حکومت سے شہداء کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔