Uncategorized

سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان درحقیقت سانحہ کربلا کا تسلسل ہے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کی 26ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سینکڑوں معصوم اور بے گناہ انسانوں نے جان کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز کی بنیادوں کو مستحکم کیا اور اب تک یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، مگر ہم نے ہمیشہ ملک میں اتحاد و وحدت کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے عملی نفاذ کے ذریعے ملک کی سالمیت اور دفاع کی عملی جدوجہد کو جاری رکھا اور تمام تر مشکلات و مصائب کے باوجود اس جدوجہد کو ترک نہیں کیا اور اعلی و ارفع اہداف کی خاطر وجود میں آنے والا یہ کارواں رواں دواں ہے تاکہ ملک دشمن عناصر، قاتل و دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوپائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین سے اپنے آئینی، قانونی، مذہبی اور شہری حقوق کا دفاع و تحفظ کرتے ہوئے جن شہداء نے اپنی جانوں کی عظیم قربانی پیش کی وہ کبھی رائیگاں نہیں جاسکتی کیونکہ سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان درحقیقت سانحہ کربلا کا تسلسل ہے اور آج بھی ملک کے طول و عرض میں کربلائیں بپا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کبھی کراچی، کبھی کوئٹہ، کبھی پاراچنار کبھی گلگت و بلتستان اور کبھی ملک کے دیگر علاقے مقتل گاہ کا منظر پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس وقت ملک جن گھمبیر اور نازک حالات سے دوچار ہیں اور اس کے عوام اذیت ناک صورت حال کا شکار ہیں اس کے خاتمے کے لئے بھی ملک کے ذمہ دار اور محب وطن ہونے کے ناطے مخلص ہیں اور امن و امان کے ضامن اداروں اور ریاست کے ذمہ داروں سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ملک سے بدامنی، انتشار، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کاخاتمہ کرتے ہوئے اس کے مرتکب خونی قاتلوں اور انکے سرپرستوں کو بے نقاب کریں اور بڑے بڑے سانحات کے پس پردہ حقائق سے پاکستانی عوام کو باخبر اور آگاہ کریں کیونکہ یہ خطرناک صورت حال لمحہ بہ لمحہ ملک کو تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button