Uncategorized

مجلس وحدت مسلمین عوام کو صالح، دیانتدار اور محب وطن لیڈر شپ فراہم کرنے کی جدو جہد کر رہی ہے، نثار فیضی

شیعہ نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود اور خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے چیئرمین نثار علی فیضی نے کہا کہ پاکستان کے 98 فیصد عوام غربت اور افلاس کی سرخ لائن سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں جبکہ حکمران نان ایشوز کے لیے بیرون ملک دوروں پر کثیر پیسہ لٹا رہے ہیں، جس سے انکے بادشاہانہ طرز حکومت اور ذہنیت پوری دنیا کے سامنے آشکار ہو چکی ہے، غربت نے عوام کی کمر توڑ رکھی اوپر سے حکومت آئے دن مہنگائی میں اضافہ کر کے رہی سہی کسر بھی پوری کی جا رہی ہے، عوام کے مسائل و مشکلات سے حکمرانوں کو کوئی سروکار نہیں، پاکستانی پوری دنیا میں بیدار ہو رہے ہیں اور وہ ان مفاد پرست حکمرانوں سے جلد چھٹکارا چاہتے ہیں، اب وہ وقت دور نہیں جب عوام کے غیض و غضب کا سیلاب ان بادشاہانہ طرز کے حکمرانوں کو ان کے شاہی محلات سمیت خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی منظر نامہ پر ابھرتی ہوئی مذہبی و سیاسی لیڈر شپ عوام کے جذبات کی درست ترجمانی کرتی نظر آ رہی ہے، جسکی جھلک عوامی اجتماعات میں بےحد نمایاں اور واضح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ان تبدیلیوں سے اپنی زندگی میں کم سے کم ان بنیادی سہولیات کو دیکھنا چاہتے ہیں جو کسی بھی حکومت کی طرف سے عوام کو دینے کے لیے اولین ذمہ داریوں میں سمجھی جاتی ہیں، اگر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے منصوبے سیاسی مفادات اور مصلحتوں سے بالاتر ہو کر تشکیل دیئے جائیں تو پاکستان کی سر زمین انسانی و قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، یہاں دنیا کے بڑے گلیشئرز، بڑے پہاڑی سلسلے، اہم دریا، زرخیز میدان اور جفاکش محنتی لوگ موجود ہیں، جو اچھی لیڈر شپ کی موجودگی میں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لاکھڑا کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے عوام کو ایک ایسی ہی صالح، دیانت دار اور محب وطن لیڈر شپ فراہم کرنے کی جدو جہد کر رہی ہے، ایم ڈبلیو ایم کا سیاسی، سماجی اور مذہبی کردار معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی داد رسی اور انہیں اپنا حق دلوانے کے لیے ہے، اور اس کے لیے ہم بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کا فلاحی شعبہ خیر العمل فاﺅنڈیشن بھی انہی اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے معاشر ے میں اپنے حقوق سے محروم اور مستحق افراد کی ہر وقت ہمہ تن خدمت کرنے کے لیے میدان عمل میں موجود ہے، چاہے وہ کوئی بھی ناگہانی صورتحال ہو۔ خیرالعمل فاﺅنڈیشن نے ملک کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button