انتہاء پسندی سے پیچھا چھڑانا ہوگا، دہشتگردی ناسور بن چکی ہے، آفاق احمد
شیعہ نیوز (کراچی) مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ عالم اسلام بالخصوص پاکستانی عوام اسلامی ضابطہ حیات سے دوری اور باہمی انتشار کی وجہ سے پریشانیوں میں مبتلا ہیں، اسوہ حسنہ پر عمل اور سنت ابراہیمی کی اصل روح کو سمجھے بغیر دین و دنیا میں کامیابی محال ہے، عدم برداشت و انتہاپسندی سے مکمل پیچھا چھڑایا جائے، دہشتگردی ناسور بن چکی ہے، حکمران غیروں کی پیروی کی بجائے اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق کاروبار حکومت چلائیں تو مسائل کا نام و نشان تک نہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر مہاجر کارکنان سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ اپنے گھروں سے دوری اور بے سروسامانی کی حالت میں عید کی خوشیاں اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی مشکل ضرور ہے لیکن زندہ قومیں حالات کے مطابق ناصرف جینا جانتی ہیں بلکہ کٹھن حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی ہیں چناچہ عید قرباں کے موقع پر شہداء کے اہل خانہ کو بھی یاد رکھیں اور انکی بھرپور دلجوئی کی جائے۔