علامہ ناصر عباس جعفری کی علامہ طالب جوہری سے ملاقات، داماد کی شہادت پر تعزیت
شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دو روزہ دورہ کراچی کے موقع پر معروف ذاکر اہل بیت علیہ السلام علامہ طالب جوہری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے داماد سید مبارک کاظمی کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا اور شہید کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا مسئلہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر شیعہ قوم کے تمام طبقات کو مل کر آواز بلند کرنی چاہیئے، انشاء اللہ مجلس وحدت مسلمین کبھی بھی اپنے شہداء کی مظلومیت کی آواز کو نہیں دبنے دے گی اور ہمیشہ اپنے شہداء کی قربانیوں کو زندہ رکھتے ہوئے میدان عمل میں حاضر رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ حضرت ثانی زہرا (س) کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مظلومیت کی آواز کو بلند کریں، ہمارے منبروں سے ہمیشہ حق کی حمایت کی گئی یہی ہمارا طرہ امتیاز رہا ہے اور انشاء اللہ یہ کام صدا جاری رہے گا۔
اس موقع پر علامہ طالب جوہری نے شیعہ نسل کشی کا اصل ذمہ دار حکومت کو قرار دیا اور کہا کہ اگر حکومت نے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا ہوتا تو آج صورتحال شاید یہ نہ ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکومت وقت ہوش کے ناخن لے اور وطن بچانے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرے۔ علامہ طالب جوہری نے علامہ ناصر عباس جعفری کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مجلس وحدت مسلمین کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے شیعہ سنی وحدت کیلئے علامہ طاہر القادری کے ساتھ اتحاد کی پالیسی کو سراہا۔ ملاقات میں علامہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنما انجینئر رضا نقوی، علی حسین نقوی، علامہ علی انور، مبشر حسن اور میثم عابدی بھی موجود تھے۔