ارباب عبدالظاہر کاسی کی باحفاظت واپسی خوش آئند ہے، سید محمد رضا
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ ارباب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی کی خبر سُن کر ہمیں بہت خوشی ہوئی اور یہ ہمارے لئے بھی بہت خوشی کی بات ہے کہ صوبے کے بزرگ سیاسی اور قبائلی شخصیت اغواء ہونے کے ایک سال بات بحفاظت اپنے گھر واپس آ گئے ہیں۔ ارباب عبدالظاہر کاسی کی باحفاظت گھر واپسی کیلئے جن جن لوگوں نے کوششیں کی ہے، وہ قابل ستائش ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ آئندہ اس طرح کا کوئی واقعہ رونماء نہ ہو سکے۔ اسکی روک تھام کیلئے حکومت کو ایک مربوط حکمت عملی پر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ اللہ تعالی کا بڑا کرم ہے کہ ارباب صاحب بخیر و عافیت اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔ ورنہ اس شہر میں ایسے بےشمار واقعات پیش آئے ہیں، جس میں اغواء کاروں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اغواء کرنے کے بعد اُن سے تاوان کی رقم کی وصولی کے بعد اُن کی زندگی کا بھی خاتمہ کیا۔ جس میں شیعہ ہزارہ مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ جن کو اغواء کاروں نے اغواء کرنے کے بعد قتل کیا اور اُن کی لاش کسی صحرا میں پھینک کر خود آرام سے فرار ہوتے رہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ ایسے اغواء کار گروپس کا سراغ لگا کر اُن کے نیٹ ورک کا مکمل صفایا کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی شخص اور اس کی فیملی کو اس کرب کی صورتحال سے نہ گزرنا پڑے۔ جس سے پچھلے ایک سال سے ارباب عبدالظاہر کاسی اور اُن کی فیملی گزر رہی تھی۔