بھارت سمجھ جائے جنگی جنون خطہ کے عوام کے مفاد میں نہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے بھارت کی جانب سے مسلسل گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو یہ بات سمجھنی چاہیئے کہ جنگی جنون خطے کی عوام کے مفاد میں نہیں۔ بھارت اور پاکستان کی عوام کے درمیان جنگ اور عداوت کے بجائے ایک دوسرے کے احترام اور برابری پر مبنی تعلقات ہوں تو بہتر ہے۔ ستر سالہ عداوت کا بھارت کو کیا فائدہ ملا۔ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے عید کے روز پاکستان کی حدود میں امریکی ڈرون حملوں کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیطان بزرگ کو امریکہ کی جارحیت کسی طور قبول نہیں۔ پاکستان کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ حکمران امریکہ کی غلامی کا طوق اپنی گردن سے اتار دیں۔
انہوں نے کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں شیعہ، سنی دیوبندی، بریلوی غرض ہر کوئی مارا جا رہا ہے۔ ہم رنگ، نسل اور فرقے کی تفریق سے بالاتر ہو کر کراچی میں دہشت گردی کے خلاف فوجی آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ڈیڑھ سال تک آپریشن کے نام پر کراچی میں ڈرامہ رچایا گیا۔ مگر آج بھی کراچی پر دہشت گردوں کا راج ہے۔ حکومت اور ریاستی ادارے آخر دہشت گردوں کے سامنے اتنے بےبس کیوں ہیں۔ مصلحتوں سے بالاتر ہو کر دہشت گردوں کے خلاف اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام پہ یہ واضح کیا جائے کہ یہ دہشت گرد کون ہیں اور انہیں کون سے مقتدر افراد یا اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہیں سرمایہ کہاں سے ملتا ہے۔