پاکستان کی بانی قوتوں کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی، علامہ اسدی
شیعہ نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کی مینار پاکستان جلسہ کیلئے رابطہ مہم جاری ہے، جلسے میں ہزاروں کارکنان کی شرکت یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے کارکنان اور ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین لاہور کی سول سوسائٹی کو بھی دعوت دے گی کہ وہ اس جلسے میں شریک ہوں کیونکہ یہ جدوجہد کسی کی ذاتی نہیں بلکہ پاکستان کے غریب اور پسے ہوئے طبقے کو اس کا آئینی و قانونی حق دلانے کی جنگ ہے، اشرافیہ اور سٹیٹس کو کی پیداوار اس بیداری سے خوفزدہ ہیں۔ علامہ اسدی نے کہا کہ پاکستان کی بانی قوتوں کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی، آج ملک میں الحمدللہ شیعہ سنی متحد ہو کر غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ علامہ اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انشااللہ 19 اکتوبر غریب عوام کے حقوق کی بحالی کا دن ثابت ہو گا۔