شہداء مکتب تشیع نے خون کو عقیدے پر قربان کرکے اسلام کا پرچم سربلند کیا، مولانا شیخ حسن صلاح الدین
شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی شوریٰ عالی کے سربراہ مولانا شیخ حسن صلاح الدین نے کہا ہے کہ شہدائے مکتب تشیع نے اپنے خون کو عقیدے پر قربان کرکے اسلام و تشیع کا پرچم سربلند کیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ شہداء کی یاد اور انکے پیغام کو معاشرے میں زندہ رکھتے ہوئے معاشرے اور افراد کو شہید پرور بنانے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں۔ امروہہ گراونڈ انچولی سوسائٹی میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے زیر انتظام شہدائے راہ ولایت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شیخ حسن صلاح الدین نے کہا کہ ہمارے شہدائے اسلام و تشیع کے پرچم کو اپنے خون سے آبیاری کرکے شہدائے کربلا کی پیروی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور سعودی عرب داعش جیسی تکفیری دہشتگرد تنظیموں کے ذریعے خطے میں صہیونیت مخالف حقیقی اسلامی مزاحمتی تحریکوں کو کمزور کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔
مولانا شیخ حسن صلاح الدین نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ غدیر و کربلا کے علم کو بلند کرکے اسلام و تشیع کی سربلندی عملی طور پر خلوص کے ساتھ انکے حقیقی پیغام کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی صہیونیت کے تحفظ کیلئے امریکا اپنے حواریوں کے ساتھ عالم اسلام کے اندر فرقہ واریت پھیلانے کی ناپاک سازشیں کر رہا ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ پہلے سے کہیں زیادہ عالم اسلام کے اندر اتحاد و وحدت و یکجہتی کو قائم و دائم رکھنے کی بھرپور کوششیں کریں، یہ عظیم اسلامی فریضہ ہے۔