شہید سعید حیدر زیدی کی برسی کا اجتماع، علامہ امین شہیدی اور علامہ شہنشاہ نقوی کا خطاب
شیعہ نیوز (کراچی) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں معروف شیعہ اسکالر اور ادارہ دارالثقلین کے بانی شہید سید سعید حیدر زیدی کی دوسری برسی نہایت احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق شہید سید سعید حیدر زیدی کی برسی کا اجتماع بھوجانی ہال سولجر بازار کراچی میں منعقد کیا گیا، برسی کے اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی اور ریسرچ اسکالر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے خطاب کیا۔ اجتماع میں مرد و خواتین شرکاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا، آئی ایس او کراچی کے ڈویژن صدر کاظم عباس، ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی ، علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن اور اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنما لطف علی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔ برسی کے اجتماع میں مقررین نے شہید سید سعید حیدر زیدی کی دینی و علمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید سعید حیدر زیدی جیسے لوگوں کی مثل ایسے ہے کہ جو اندھیروں میں امید کے چراغ روشن کرتے ہیں اور ایسے ہی لوگوں کے لئے خدا وند متعال نے شہادت کا انعام رکھا ہے، شہید سعید حیدر زیدی شہادت کے راستے کے راہی تھے، انہوں نے اپنی زندگی علوم محمد و آل محمد (ع) کی ترویج میں صرف کی، آپ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ آپ پاکستان کی سرزمین پر شہید استاد مرتضیٰ مطہری کے ترجمان کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، شہید سعید حیدر زیدی کی شہادت خود شہید کے افکار کی ترویج کا بہترین ذریعہ ہے اور انشاء اللہ ان کے چاہنے والے ہمیشہ ان افکار کی ترویج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔