محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائیگی، صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور
شیعہ نیوز (جہلم) محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں اور تمام مکاتب فکر کے علما ئے کرام اس ماہ مقدس میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کریں تمام عزاداری کے جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں، نفرت انگیز لٹریچر تقسیم کرنے والوں اور مذہبی انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اجلاس میں تمام مکتبہ فکر کے علما ئے کرام نے محرم میں امن قائم رکھنے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدر ی لال حسین، سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم،ڈی سی او ذوالفقار احمدگھمن، ڈی پی او سرفراز خاں ورک، اے ڈی سی راؤ ریاض اعجاز ،اسسٹنٹ کمشنرز،قاری ابو بکر،سید مسعودا لحسن گیلانی ،شاہد رسول ڈار،محمد بوٹا جاوید اور دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔