کراچی، یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا
شیعہ نیوز (کراچی) پاکستان بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ کراچی سمیت ملک کے دیگر شہریوں میں نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں میں سے بیشتر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئے۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا، جہاں پر ماتمی دستے نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کی مرکزی مجلس عزا نشتر پارک میں منعقد ہوئی جس میں علامہ طالب جوہری نے مصائب عاشورا بیان کئے۔ مجلس کے اختتام پر مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔ مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے۔ مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک تھے، مرکزی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت تبت سینٹر کے مقام پر نماز ظہرین کا انتظام کیا گیا۔ نماز باجماعت کی امامت حجة السلام و المسلمین علامہ غلام عباس رئیسی نے کی۔ اس موقع پر علمائے کرام سمیت شرکاء کی بہت بڑی تعداد نے نماز ظہرین ادا کی۔ شرکاء نے نماز کی ادائیگی کے دوران لبیک یا حسین (ع) کے نعرے بلند کئے اور اس عزم کا اظہار کیا آج کی کربلا میں بھی عاشقان امام حسین (ع) حق کے راستے پر چلتے ہوئے یزیدیت اور تکفیریت کو رسوا کریں گے۔ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوا جہاں ماتمی دستے نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مصروف ہیں۔ جلوس کی گزر گاہوں میں منتظمین کی جانب سے پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں۔ جلوس کے راستوں پر 10 ہزار پولیس اہلکار جبکہ 5 ہزار رینجرز اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے جبکہ جلوس کی نگرانی کے لئے پولیس کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی قائم کیا گیا جس میں خفیہ کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی گئی۔ اس کے علاوہ جلوس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی اور پاک فوج کے دستے بھی پولیس اور رینجرز کی معاونت کیلئے اسٹینڈ بائی پوزیشن پر رہے۔