پیروکارانِ امام حسینؑ آج بھی یزید وقت امریکا، اسرائیل اور انکے حواریوں سے برسرِپیکار ہیں، آئی ایس او
شیعہ نیوز (کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماء مہدی عابدی نے کہا ہے کہ یوم عاشورا امام حسینؑ کا یزید کی بیعت سے انکار کا دن ہے، آپؑ کی قربانی آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے، 61 ہجری کا یوم عاشورا وہ دن تھا کہ جب امام حسینؑ نے اپنے تمام انصار اور اقرباء کی قربانی پیش کی جسکی حرارت آج چودہ سو برس بعد بھی زندہ ہے، آج بھی جب کوئی یزید سر اٹھاتا ہے تو پیروکارانِ امام حسینؑ آگے بڑھ کر اس کا سر کچل دیتے ہیں، حسینیتؑ کے پیروکار آج بھی یزید وقت امریکہ، اسرائیل اور انکے حواریوں سے بر سرِپیکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مہدی عابدی نے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے تحت یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے دوران تبت سینٹر کے مقام پر باجماعت نماز ظہرین کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی جلوس یوم عاشور میں شریک ہزاروں عزاداران شہدائے کربلا ؑ نے باجماعت نماز ظہرین حجتہ السلام و المسلمین علامہ غلام عباس رئیسی کی زیر اقتداء میں تبت سینٹر پر ادا کی اور لبیک یاحسینؑ کے نعروں کا ساتھ یزید وقت امریکا اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف شعار بلند کئے اور اپنی نفرت کا اظہار کیا۔
مہدی عابدی نے کہا کہ آج پھر مظلوموں کیلئے ہر جگہ کربلا بنا دی گئی ہے، ہر روز کو روزِ عاشورا ہے، یزید وقت امریکا اور اسرائیل اپنے حواریوں کے ساتھ انسانیت کی اقدار کو پائمال کرنے کے ساتھ اُسے اپنی غلامی میں لینے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، آج کا یزید کبھی طالبان تو کبھی تکفیری داعش کی شکل میں سامنے آکر مسلمانانِ عالم کے خلاف ظلم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پھر حسینیت کے پیروکار ان یزدیوں سے برسرپیکار ہیں اور دشمن اسلام کے خلاف آوازِ عزا کے ساتھ علمِ بغاوت بلند کئے ہوئے ہیں کیونکہ عزاداری امام حسینؑ ہمیشہ اسلام کی بقاء اور دشمن اسلام کے خلاف بغاوت کرنے کے ساتھ موت سے لڑنے اور حریت کا درس دیتی ہے۔ مہدی عابدی کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا حادثہ نہیں ہے بلکہ آئین زندگی، امام حسین ؑ نے کربلا میں اپنا اور اپنے انصار و اقرباء کی عظیم قربانی پیش کرکے انسان کو آزادی دلائی اور رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے غلامی سے نجات حاصل کرنے کا راستہ بھی واضح کر دیا۔ رہنما آئی ایس او کراچی نے مزید کہا کہ یوم عاشورا ہر مسلم حکمران کو یہ حسینی پیغام دے رہا کہ وہ حسینی جذبے کے ساتھ دین ِ اسلام کی اصل کی طرف پلٹ آئیں اور مثلِ حرؑ یزیدی و استعماری قوتوں کے کیمپ سے نکل کر حسینی کیمپ میں آجائیں۔