آئی ایس او کا محرم الحرام کے دوسرے عشرہ کو حسین (ع) شناسی کے عنوان سے منانے کا اعلان
شیعہ نیوز (لاہور) مامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں مرکزی صدر تہور حیدری کی مرکزی عہدیدران کے ساتھ ایک اہم نشست ہوئی جس میں محرم الحرام کے دوسرے عشرہ حسین شناسی ع کے حوالے سے ملک بھر کی جامعات میں یوم حسین (ع) کے سلسلہ میں ہونے والی تقریبات کا جائزہ لیا گیا۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ملک کے تعلیمی اداروں میں آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام یوم حسین (ع) کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں، جامعات میں یوم حسین کا انعقاد نواسہ رسول ﷺ کے مشن کو آگے بڑھانا مقصود ہے، امام حسین (ع) کسی گروہ یا فرقے کے نہیں، پوری انسانیت کے امام ہیں، اس لئے تقریبات میں تمام مسالک کے افراد بلا تفریق شرکت کریں گے۔ آئی ایس او امسال بھی محرم کے دوسرے عشرہ کو حسین شناسی (ع) کے نام سے منائے گی۔ ملک بھر کی جامعات میں یوم حسین (ع) اور امام حسین (ع) کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا۔ امام حسین (ع) میدان کربلاء میں اپنے خانوادے کی قربانی دیکر خداوند متعال کی خوشنودی اور رضا حاصل کی۔ امام حسین (ع) کی سیرت مبارکہ پر عمل پیرا ہو کہ تمام عالم اسلام مشکلات سے نجات پا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک پاکستان اس وقت مسائل میں گھرا ہوا ہے، جس کی اہم بڑی وجہ انتہاپسند قوتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم حسین (ع) کی تقریبات میں ماہرین تعلیم، پروفیسرز، تمام مکاتب فکر اور مسالک کے علماء اور طلباء و طالبات حضرت امام حسین (ع) کی شان میں اپنی عقیدت کا اظہار کریں گے۔