پاکستانی شیعہ خبریں

کراچی،بیت مقدس میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف جمعیت علمائے پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن کا احتجاجی مظاہرہ

شیعہ نیوز (کراچی) جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی رہنما شکیل قاسمی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے رکن اور جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد حسین محنتی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر کربلائی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ اظہر علی ہمدانی سمیت جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماؤں علامہ شوکت مغل قادری، قاری شمیم احمد، ناصر رضوان ایڈووکیٹ، پیر محفوظ اعجاز، عبدالوحید یونس، فخر الدین نورانی، عباس نورانی اور دیگر نے کہا ہے کہ مسجد اقصٰی کی بندش اور فلسطینیوں کے قبلہ اول بیت المقدس میں داخلہ پر اسرائیلی پابندی سنگین عالمی جنگی جرم ہے، اسرائیل کا مسجد اقصٰی پر کوئی حق نہیں، قبلہ اول بیت المقدس کی بندش آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، مسجد اقصٰی اور قبلہ اول بیت المقدس کے تقدس کی پائمالی پر امت مسلمہ عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام مسجد اقصٰی اور قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی افواج کے مسلسل حملوں اور قبلہ اول کے تقدس کی پائمالی کے خلاف نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کراچی کے باہر بعد نمازِ جمعہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصٰی اور قبلہ اول بیت المقدس پر جاری حملوں اور تقدس کی پائمالی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور اور مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملوں کی مذمت پر مبنی جملے آویزاں تھے۔

جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد حسین محنتی نے مسجد اقصٰی میں مسلمان نمازیوں کے داخلے پر اسرائیل کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندی عالمی قانون کی رو سے جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہے اور غاصب اسرائیل کے خلاف غزہ میں کئے جانے والے جنگی جرائم سمیت مسجد اقصٰی اور قبلہ اول بیت المقدس کے تقدس کی پائمالی کے خلاف بھی جنگی جرائم کا ٹرائل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصٰی میں مسلمانوں کے نماز ادا کرنے پر پابندی اسرائیل کی عالمی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، ہیگ میں سنہ 1899ء اور 1907ء میں طے پائے بین الاقوامی معاہدوں میں قرار دیا گیا ہے کہ کسی بھی ملک کے مذہبی مقام کو اس کے پیروکاروں کے لئے بند کرنا جنگی جرائم میں شمار کیا جائے گا۔ محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ جنیوا معاہدہ مجریہ 1949ء اور اس کے زیرانتظام تمام پروٹوکولز بھی مقدس مقامات کے دفاع کی سختی سے تلقین کرتے ہیں اور ان کی بندش کو جنگی جرم قرار دیتے ہیں، ان عالمی معاہدوں اور قوانین کی رو سے مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیل کا سنہ 1967ء سے قبضہ بھی صاف صاف ناجائز قرار دیا جاتا ہے، ان تمام معاہدوں کا اطلاق صہیونی ریاست پر بھی ہوتا ہے اور اگر ان پر عمل درآمد میں دانستہ لاپرواہی اور ان کی خلاف ورزی کو دیکھا جائے تو اسرائیل بار بار جنگی جرائم کا ارتکاب کرچکا ہے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر کربلائی نے کہا کہ صہیونی ریاست کی جانب سے قبلہ اول میں فلسطینیوں کا داخلہ بند کرنا ایک سنگین نوعیت کی اشتعال انگیز کارروائی ہے، جس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے اور ان کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پر عائد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد اقصٰی میں فلسطینی نمازیوں اور اس کے محافظوں کے داخلے پر پابندی کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اب یہ صہیونی فوج اور ریاست کا معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا خیال ہے کہ وہ اپنی مرضی کے تحت مسجد اقصٰی کو بند کرکے یہ ثابت کرے گا کہ اس مقدس مقام پر اس کا کوئی حق ہے لیکن ہم یہ بات دو ٹوک الفاظ میں واضح کر رہے ہیں کہ صہونی ریاست کا مسلمانوں کے قبلہ اول پر کوئی حق نہیں ہے، پوری مسجد اقصٰی اور بیت المقدس کے تمام اسلامی مقدسات اسلامی اوقاف کی وقف شدہ املاک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسجد اقصٰی پر مستقل قبضے کی صہیونی سازشیں کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی رہنما شکیل قاسمی نے کہا کہ مسلم امہ نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں، ہم قبلہ اول کا دفاع کرنا جانتے ہیں، فلسطینی عوام اس وقت حالت جنگ میں ہیں، ایسے حالات میں پوری مسلم امہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بیت المقدس کے دفاع کے لئے اپنی مذہبی اور اخلاقی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے اور قبلہ اول کے دفاع میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور، القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی، اسرائیل کی نابودی تک جنگ رہے گی کے فلک شگاف نعرے بلند کئے اور امریکی و اسرائیل پرچم بھی نذر آتش کئے۔

 

 

شیعہ نیوز

www.shianews.com.pk

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button