پاکستانی شیعہ خبریں

حالات یونہی رہے تو اپنے نوجوانوں کی حفاظت کیلئے ہم راست اقدام اُٹھائیں گے، علامہ رمضان توقیر

شیعہ نیوز (ڈیرہ اسماعیل خان) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والی تحریک انصاف اپنے صوبے کے لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی، ملک میں کیا خاک تبدیلی لائے گی۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پشاور کے پوش علاقے گلبہار میں نوجوان شیعہ دکاندار ناصر عباس کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے کر تبدیلی کا ثبوت دے، اُنہوں نے کہا کہ دہشت گرد جب اور جہاں چاہیں بےخوف ہو کر کاروائیاں کرتے ہیں اور ان کو روکنے ٹوکنے والا کوئی نہیں، جو کہ حکومتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ملک اور قوم، اتحاد و وحدت اور امن و امان کی خاطر بہت قربانیاں دیں ہیں، جس کی مثال تاریخ میں بھی نہیں ملتی، اب مزید ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ ملک کا کوئی صوبہ اور شہر نہیں جس میں ہم نے لاشیں نہ اٹھائی ہوں۔ ہم نے لاشوں پر کھڑے ہو کر بھی اتحاد و وحدت اور امن وامان کا درس دیا۔ ہماری نظریں صوبائی حکومت کے غیر سنجیدہ اقدامات پر ایک عرصہ سے ہیں اور پولیس انتظامیہ کی طرف سے تو ہم کئی بار مایوس ہوئے کہ پولیس افسران بھی روایتی خوشامدی اور مفلوج نظام کا حصہ بن کر ہی کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میڈیا پر آ کر صوبے کی پولیس میں تبدیلی لانے کے دعوے تو بہت کرتی ہے مگر معاملہ اِس کے برعکس ہی دکھائی دیتا ہے۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے صوبائی حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر حالات جوں کے توں رہے تو اپنے نوجوانوں کی حفاظت کے لیے ہم راست اقدام اُٹھائیں گے اور پھر وزیر اعلٰی ہاؤس، گورنر ہاؤس اورسڑکوں پر آنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button