ایران نے عالمی پابندیوں کے باوجود پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں مدد کی، سید قائم علی شاہ
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادارہ) وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مذہبی، اقتصادی، سماجی اور معاشی تعلقات تاریخی اور دوستانہ رہے ہیں، ایران نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ہے اور آج بھی دونوں ممالک کی دوستی ایک مثالی حیثیت رکھتی ہے، جس کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی نے ایران کے ساتھ تاریخی معاہدے کرکے بہت سے منصوبے شروع کئے ہیں، تاکہ دونوں پڑوسی ممالک کے عوام کے بیچ میں زیادہ قربت پیدا کی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے شہر بدین کے تعلقہ ٹنڈو باگو میں میر غلام محمد خان بہادر گورنمنٹ ہائی اسکول ٹنڈو باگو میں ادھاری ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ایران کی جانب سے تعمیر کئے گئے دو بلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان اور ایران کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ایران کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم کئے، جس کو شہید بے نظیر بھٹو نے اپنے دور اقتدار میں مزید مستحکم کیا اور اسی تسلسل کو قائم رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نہ صرف ایران بلکہ خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کئے اور انکے ساتھ تاریخی معاہدے کرکے ملک میں ترقی کے سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے عالمی پابندیوں کے باوجود پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں مدد کی ہے اور عوام کی خدمت کی ہے، جس کی زندہ مثال بدین جیسے پسماندہ علاقے میں ایک تاریخی اسکول کی تعمیر اور نندو شہر بنانے کے ساتھ ایک جدید اسپتال قائم کیا ہے، جس پر ہم ایرانی حکومت کے شکر گذار ہیں۔
ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے کہا کہ ایران نے عالمی پابندیوں کے باوجود ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ہے اور قدرتی آفات میں ایران ہر قدم پر پاکستان کے ساتھ رہا ہے، 2010-11 کے تاریخی سیلاب کی وجہ سے سندھ میں بہت بڑی تباہی آئی، جس کے بعد ایران نے اپنے سندھی بھائیوں کی مدد کیلئے کئی منصوبے شروع کئے اور آج کی تقریب اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع جن میں خیرپور، ٹھٹھہ اور شہید بینظیر آباد میں بھی اس نوعیت کے منصوبے جاری ہیں اور آئندہ سال ان کا افتتاح کرکے مقامی انتظامیہ کے حوالے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کی مدد سے پاکستانی عوام نے بھی بھرپور محبت کا اظہار کیا ہے۔ مہدی سبحانی کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے عالمی پابندیوں کے باوجود پاک ایران دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو مستقبل میں بھی قائم رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافتوں میں بھی یکسانیت پائی جاتی ہے، اس لئے کوئی بھی دشمن پاک ایران تعلقات کو خراب نہیں کرسکتا۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ایران نہ صرف پاکستان کا پڑوسی ہے بلکہ ایران نے ہمیشہ ایک مثالی دوست ملک ہونے کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے دور اقتدار میں پاک ایران گیس پائپ لائن کا تاریخی معاہدہ کیا گیا جو کہ شہید بینظیر بھٹو کی بھی خواہش تھی اور انہی کے دور میں یہ منصوبہ منظور ہوا، تاکہ ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے خطے میں دہشتگردی، غربت اور تعلیم جیسے مسائل ہیں جنکے حل کیلئے خطے کے تمام ممالک کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنے ہونگے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم اقتدار میں ہوں یا حزب اختلاف میں، عوام کے حقوق کیلئے جنگ لڑتے رہے ہیں اور یہ جنگ جاری رہے گی۔
قبل ازیں وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے ٹنڈو باگو آمد میں میر غلام محمد تالپور ہائی اسکول میں ایرانی حکومت کی جانب سے تعمیر کردہ صعادی ایجوکیشن کمپلکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹنڈو باگو میں اسکول اور نندو شہر میں ہسپتال کا کام 15 کروڑ روپے کی لاگت سے مارچ 2013ء میں شروع کیا گیا جو کہ نومبر 2014ء میں مکمل ہوا، اسکول میں 1344 اسکوائر فیٹ پر دو بلاکس قائم کئے گئے ہیں، ایک بلاک میں دو لیب اور کلاس رومز بنائے گئے ہیں جبکہ دوسرے بلاک میں 8 کلاس رومز اور ایک آڈیٹوریم بھی قائم کیا گیا ہے، جبکہ نندو شہر میں 1151 اسکوائر فٹ پر ہسپتال، 340 اسکوائر فٹ پر اسٹاف کوارٹر، 950 اسکوائر فٹ پر واک گیٹ اور 950 اسکوائر فٹ پر گرین ایریا قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی کو بتایا گیا کہ 2100 طالبعلم یہاں پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ صرف 31 اساتذہ مقرر ہیں، جس کیلئے مزید اساتذہ کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر قانون و پارلیمانی امور کے صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر علی میندھرو، سابق صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا، ایم پی ایز بیریسٹر حسنین مرزا، محمد نواز چانڈیو، بشیر احمد ہالیپوٹو، میر اللہ بخش تالپور، ایم این اے سردار کمال خان چانگ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد سید آصف حیدر شاہ، ڈی سی بدین رفیق احمد قریشی، ایرانی قونصل خانے کے آغا سلطان شاہی، آغا احمدی و دیگر بھی موجود تھے۔
شیعہ نیوز
WWW.SHIANEWS.COM.PK