بلوچستان میں فرقہ واریت کے نام پر دہشتگردی کو روکنا ہوگا، بلوچستان نیشنل پارٹی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فرقہ واریت کے نام پر دہشتگردی کو روکنا ہوگا، قرآن شریف میں واضح فرمایا گیا کہ ہر شخص کو اپنے دین کے بارے میں آزادی ہے اور اپنی طریقے سے مذہب کو اپنایا جا سکتا ہے، لیکن ہمارے یہاں کچھ شرپسند عناسر زبردستی ہم پر مذہبی انتہاء پسندی مسلط کر رہے ہیں جو کہ آنے والے وقت میں بلوچستان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو میں بی این پی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے مزید کہا کہ اگر بلوچستان میں انتہاء پسندی ختم نہیں کیا گیا اور اسی طرح ہوا دی جاتی رہی تو اس سے نفرتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان میں آباد تمام قوموں سے محبت کے ساتھ رہنا پسند کرتے ہیں۔ ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کا مزید کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت بلوچستان میں فرقہ واریت کو دوام بخشا جا رہا ہے حالانکہ اسلام کسی بھی انسان کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ پشتون، بلوچ، ہزارہ اور دیگر بہترین مسلمان ہے، ان سے بڑھ کر کسی کو بہتر نہیں کہہ سکتے۔ مرکزی رہنما بی این پی کا کہنا تھا کہ مشرقی پاکستان محکوم اقوام کے باعث نہیں بلکہ حکمرانوں کی غلط اور استحصالی پالیسیوں کے نتیجے میں بنا۔