پاکستانی شیعہ خبریں

داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کا مقابلہ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر اور جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل نظام مصطفٰی (ص) ہے، وطن عزیز کے حالات انتہائی ابتر ہیں، پہلے نظریاتی سرحدوں پر حملے ہو رہے تھے اور اب جغرافیائی سرحدیں بھی محفوظ نہیں، سندھ کے علماء اور مشائخ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مدارس اور خانقاہوں سے باہر نکلیں اور نظام مصطفٰی کے پیغام کو عام کریں، اہلسنّت کے اتحاد کے ساتھ ساتھ ملت کے تمام طبقات میں بھی اتحاد چاہتے ہیں، ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے فرقہ واریت کا خاتمہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جے یو پی سندھ کے صدر مفتی عبدالنبی صدیقی کے زیرِ صدارت جمعیت علمائے پاکستان سندھ کی شوریٰ و عاملہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شبیر ابوطالب نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں جے یو پی سندھ کے ناظم اعلٰی علامہ السید عقیل انجم قادری، سینیئر نائب صدر علامہ معشوق علی ہالیپوٹہ، صاحبزادہ میاں منیر احمد اندھڑ، صاحبزادہ افتخار احمد عباسی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر یونس دانش، جے یو پی کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی، سینیئر نائب صدر مفتی رفیع الرحمٰن نورانی، جنرل سیکرٹری کراچی مفتی بشیرالقادری نورانی، مفتی نور الہادی نعیمی، صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی، مولانا عبدالرشید اعوان، حافظ محمد سموں، مولانا شریف اعوان، صاحبزادہ محمود احمد قادری، مولانا علی شیر جتوئی، مولانا خلیل احمد نورانی، مفتی نثار احمد قادری، حافظ گل حسن رضوی، اسد ذاکر قادری، محمد اکبر میمن، مولانا قمرالدین کلہوڑو، حافظ عابد حسین چنہ، محمد گلزار، سید عبدالغنی شاہ، نسیم احمد خاں غوری، عارف قائم خانی، حاجی انور قادری، عبدالوحید یونس، قاضی شکیل احمد نورانی، محمد شکیل قاسمی سمیت اندرون سندھ اور کراچی کے مختلف علاقوں سے اراکین شوریٰ نے بھرپور شرکت کی۔

صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کو رسول اللہ (ص) کے نظامِ عدل کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا، پاکستان کو بچانے کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر میں نظام مصطفٰی (ص) کی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں اور اپنے وطن کی بقاء و سلامتی کیلئے میدان میں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں 14 دسمبر کو حیدرآباد میں انقلاب نظام مصطفٰی (ص) ورکرز کنونشن ہوگا اور ماہ جنوری میں کراچی میں عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ عالمی دہشتگرد تنظیم داعش پاکستان میں قدم جمانے کیلئے پرتول رہی ہے، کراچی، حیدرآباد اور ملک کے مختلف شہروں میں اس کی وال چاکنگ اس بات کا واضح ثبوت ہے، لیکن نہ جانے کیوں حکومت اس کو جھٹلانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں، لیکن قوم کو آنے والے خطرات سے آگاہ رکھنا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ غیر ملکی طاقتیں پاکستان کو شام بنانا چاہتی ہیں، داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کا مقابلہ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اولیاء اللہ کی سرزمین ہے، ذمہ دارانِ جمعیت میدان میں نکلیں اور سندھ واسیوں کو ان دہشتگرد خوارج کے فتنے سے آگاہ کریں۔

اجلاس سے خطاب میں مفتی عبدالنبی صدیقی، علامہ السید عقیل انجم قادری، مولانا معشوق علی ہالیپوٹہ و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سندھ بھرمیں رکنیت سازی مہم جاری ہے، مکمل تنظیم سازی کر رہے ہیں، اس سلسلے میں صوبائی قائدین سندھ بھر کے مزید دورے کریں گے۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شبیر ابوطالب نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت علمائے پاکستان ملک بچانے نکلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی پہلے بھی ہمارے آڑے نہیں آئی تھی، آئندہ بھی کسی دہشتگرد گروہ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ اجلاس میں صوبائی ورکرز کنونشن کی تیاریوں کے لئے کمیٹی قائم کی گئی، جس میں ناظم کنونشن ناظم علی آرائیں، قاری عبدالرشید اعوان، صاحبزادہ محمود احمد قادری، ڈاکٹر یونس دانش، عبدالغنی شاہ، عبدالرﺅف الوانی، عارف قائم خانی، ارشد صدیقی اور ارشاد نقشبندی کے نام شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button