پاکستانی شیعہ خبریں

یزیدیت، داعش جیسی تنظیموں کی صورت میں پھر سے اپنا سر اٹھا رہی ہے، علامہ عباس کمیلی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی جامعہ کراچی میں دفترمشیر امور طلبہ اور آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ کے زیر اہتمام یوم حسین ؑ کا انعقاد کیا گیا۔ یوم حسین ؑ کی صدارت قائم مقام شیخ الجامعہ و ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر عابد اظہر نے کی جبکہ خصوصی خطاب سربراہ جعفریہ الائنس علامہ عباس کمیلی نے کیا۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کراچی کے رہنما مولانا فیصل عزیزی، مولانا رضا داؤدانی اور جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے خطاب کیا۔ یوم حسین ؑ میں جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر دیگر طلبہ تنظیموں کی جانب سے سبیل امام حسین ؑ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یوم حسین ؑ کے موقع پر قائم مقام وائس چانسلر ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر عابد اظہر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ شہادت صرف جان دینے کا نام نہیں بلکہ کسی بھی مقصد کے لئے عزت کی موت مرنے کا نام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخِ انسانیت میں عمل و کردار کی روشن مثالیں اگر کہیں ملتی ہیں تو وہ صرف واقعہ کربلا ہے۔

اپنے خطاب میں علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ یزیدیت، داعش جیسی تنظیموں کی صورت میں پھر سے اپنا سر اٹھا رہی ہے، امام حسینؑ میں ہی یہ جرات تھی کہ باطل کے چہرے کو بے نقاب کریں، آج دنیا امام حسینؑ کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ امام حسین ؑ نے میدانِ کربلا میں افکار کو بدل ڈالا، کربلا ماضی نہیں ہے کربلا حال بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دور میں اقتدار اور اہل حکومت کو معتبر سمجھا جارہا ہے، اگر حضرت امام حسین ؑ قربانی نہ دیتے تو آج یزید بھی بڑی شخصیت سمجھا جاتا، حضرت امام حسین ؑ نے آمریت اور ملوکیت کے خلاف جنگ کی ورنہ آج بھی مسلمان ہر حکمران کو اولی الامر سمجھتے۔ یوم حسین ؑ سے خطاب کے دوران علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر قیصر خان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جامعہ کراچی کے بہت سے مسائل ہیں جو اب تک حل نہیں ہوئے۔ انہوں نے شیخ جامعہ سے سوال کیا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ جامعہ میں دیگر مذاہب کی عبادت گاہیں ہوں اور مکتب تشیع کی مسجد نہ ہو۔ انہوں نے سینڈیکیٹ ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا حسین ؑ فرقہ واریت کا نام ہے؟ مسجد مکتب تشیع کا حق ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم اپنے حق کو احتجاج کے ذریعے حاصل کرنے پر مجبور ہوجائیں۔ قائم مقام شیخ الجامعہ ڈاکٹر عابد اظہر نے علامہ عباس کمیلی کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کا پیغام شیخ الجامعہ ڈاکٹر قیصر خان تک پہنچائیں گے۔

یوم حسین ؑ میں موجود اساتذہ اور طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا رضا داؤدانی نے کہا کہ امام حسین ؑ نے میدانِ کربلا میں حق و باطل کے درمیاں ایسی لکیر کھینچی جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گی، امام حسین ؑ کی قربانی کا مقصد دینِ محمد ﷺ کی بقاء اور اسلام کی سربلندی تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی عراق اور شام میں مسلمانوں کے سر تن سے جدا کئے جارہے ہیں، مسلمانوں کے قتل عام پر مسلم ممالک کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے جبکہ امریکہ اور اسکے اتحادیوں کی داعش کے خلاف کاروایاں مخص ایک دکھاوا ہیں، سب جانتے ہیں داعش کی پشت پناہی امریکہ اور اسرائیل کر رہے ہیں۔ مولانا فیصل عزیزی نے کہا کہ امام حسین ؑ نے باطل کی بیعت سے انکار کرکے اہل حق کو ہر دور میں یزیدی قوتوں سے انکار کا طریقہ کار واضح کردیا۔ کردارِ حسینی کی معرفت حاصل کرنا آج کے دور کی اولین ذمہ داری ہے، آج بھی یزیدی کردار موجود ہے بس ہمیں کردارِ حسینی کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button