امام زین العابدین ؑ کی سیرت و کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے، علامہ شہنشاہ نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما اور معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ امام زین العابدین ؑ کی سیرت و کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے کیونکہ آپ ؑ نے سخت اور کٹھن جدوجہد کے ذریعے دین کی ترویج کی اور اسلام کو حیات نو عطاء کی ،فیڈرل بی ایریا ،گلشن اقبال اور اسٹیل ٹاؤن میں منعقدہ مجالس شہادت کے اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج مسلم امہ ،کرب و پریشانی اور مشکلات میں گھیری ہوئی ہے جسکی وجہ تعلیمات محمد و آل محمد ﷺ سے دوری ہے ،لہٰذا ضروری ہے کہ ہم ان مقدس ہستیوں کی پیروی کریں اور ان کی تعلیمات پر عمل کر کے معاشرے کو امن کا گہوارہ بنائیں ۔کیونکہ خانوادہ رسول ﷺ نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے ایسے رہنماء اصول چھوڑے جن کو اپنا کر ہر دور کا انسان مشکلات سے چھٹکارا حاصل کر کے عزت و آبرو کیساتھ اپنی زندگی بسر کرسکتا ہے ۔انہوں نے مسلم امہ اور دیگر مذاہب کے پیروکاران سے کہا کہ وہ دین کے سنہری اصولوں کی پیروی اور پرچار کریں تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ہو اور قاتل درندوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔