نسل نو کو معاشرتی اقدار اور تہذیب سے دور کیا جا رہا ہے، احسن نقوی مرکزی رہنما آئی ایس او
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنماء احسن نقوی نے لاہور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس اور مطالعہ پاکستان کے مضامین کو امتحانات سے خارج کر کے نئی نسل کو معاشرتی اقدار اور تہذیب سے دور کیا جا رہا ہے، پانچویں اور آٹھویں کلاس کے طلباء سے معاشرتی علوم، عربی، کمپوٹر اور آرٹس مضامین کے امتحانات نہ لینے پر تشویش ہے، اور حکومت کا یہ فیصلہ سراسر نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطالعہ پاکستان کا امتحان نہ لیکر طلبہ کو پاکستان کی تاریخ سے دور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے اس عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کے قومی ہیروز سے آشنائی طلباء کی فکری و نظریاتی تربیت کا حصہ ہے لیکن اس فیصلہ سے طلباء کی حق تلفی ہوئی ہے۔
احسن نقوی نے کہا کہ ایک عرصہ سے پاکستان میں مادر پدر آزاد انگلش کلچر کو پروان چڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، یہ فیصلہ بھی اسی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مضامین کا امتحان نہ لینا جس سے ان کو اپنے قومی ہیروز اور نظریات کا علم ہوتا ہے، قابل افسوس ہے تحریک پاکستان میں لازوال قربانیوں کو اجاگر کرنے کی بجائے انہیں فراموش کیا جا رہا ہے، جب اس طرح کی تعلیمی پالیسیاں مرتب ہوں گی تو شرح خواندگی کاغذوں میں تو بڑھ سکتی ہے مگر ہمارے معاشرے کیلئے ناسور ثابت ہو گی۔ احسن نقوی نے طلباء برادری کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ تعلیم کے فرعونوں کے خلاف آواز بلند کریں اور ایسی ملک دشمن تعلیمی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں، آرٹس اور مطالعہ پاکستان کے مضامین کو امتحانات سے خارج کر کے نئی نسل کو معاشرتی اقدار اور تہذیب سے دور کیا جا رہا ہے۔