آئی ایس او شہداء کے نظریئے اور راستے کی امین ہے، تہور حیدری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے شہید علی ناصر صفوی کے یوم شہادت کی مناسبت سے لاہور میں ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وارثان شہداء کیلئے قیمتی سرمایہ، شہداء کا نظریہ و راستہ ہے، شہداء کا نظریہ و راستہ قوموں کے لئے مشعل راہ اور امانت ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ایس او کی تاریخ گواہ ہے کہ آئی ایس او شہداء کے نظریہ اور راستے کی امین ہے۔ تہور حیدری نے کہا کہ شہداء نے ملت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور قوم کو اپنے لہو کے چراغوں سے چراغ جلا کر بیدار کیا، اس لئے شہداء کے خون کی تاثیر کے طفیل ہی نوجوانوں کی بیداری کا سلسلہ جاری ہے، کربلائی مکتب میں شہادت کے بعد انسان ہمیشہ کے لئے ایک ایسا نور بن جاتا ہے جو ظلمتوں کے اندھیروں میں بھی زمانے کو ہمیشہ نور عطا کرتا ہے، قرآن بھی شہداء کی تکریم کا حکم دیتا ہے، اس لئے شہداء کی یاد منانا کسی سعادت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شہداء کے خون سے عہد کرنا ہوگا کہ شہداء کے افکار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید صفوی کا قول ہمارے لئے آج بھی مشعل راہ ہے کہ جلتی دھوپ اور راستوں کی ویرانی سے ڈرنے والے کبھی اپنی منزل نہیں پاسکتے۔