داعش کا وجود پاکستان کیلئے ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کیلئے خطرہ ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صدر جمعیت علمائے پاکستان اور سربراہ ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے کہا ہے کہ داعش کا وجود پاکستان کیلئے ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کیلئے خطرہ ہے،وزیر داخلہ چوہدری نثار داعش کے وجود سے انکاری ہیں جبکہ سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک دستاویزی ثبوت پیش کررہے ہیں، اگر حکمرانوں نے اب بھی داعش کے معاملے پر بے حسی کا مظاہرہ جاری رکھا تو پاکستان میں بھی شام اور عراق کی طرح ،مساجد ،مزارات ، خانقاہیں ،آستانے اور علما ءمحفوظ نہیں رہیں گے اور اس کی تمام تر ذمے داری نواز حکومت پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی حیدر آباد کے تحت انقلاب نظام مصطفی ﷺ کے تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا کہ اب عوام اہلسنت کو بیدار ہونا پڑے گا ، اپنی بقاءاور تحفظ کیلئے اپنی صفوں کو منظم کرنا ہوگا، ملک کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، ہر ایک جماعت اپنی قوت کا مظاہرہ کررہی ہے لہٰذا جمعیت علمائےپاکستان نے بھی جماعت کو منظم کرنے اور بھرپور قوت کے مظاہرے کیلئے چاروں صوبوں میں تربیتی کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جے یو پی کاانقلاب نظام مصطفیٰ ﷺ کنونشن ملک کی تقدیر بدلنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا،کنونشن سے ڈاکٹر محمد یونس دانش ،ناظم علی آرائیں ،قاری نیاز احمد نقشبندی،عبدالرئوف الوانی ،قاری محمد سلیمان اعوان ، حافظ محمد رضوان نقشبندی اور محمد رضوان شیخ نے بھی خطاب کیا۔