پاکستانی شیعہ خبریں

تحریک منہاج القرآن خواتین ونگ کے تحت ثانی الزہرا سیدہ زینب (س) کانفرنس کا انعقاد، مقررین کا خطاب

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی صدر تسبیحہ شفیق نے کہا ہے کہ ظلم و جبر کا مقابلہ، اسلام کی سربلندی کیلئے سیدہ زینبؓ کا کردار اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، سیدہ زینب (س) صبر و استقامت کا پہاڑ ہیں، معرکہ حق و باطل چودہ صدیوں سے جاری ہے اور قیامت تک جاری رہے گا، حسینیت ہر طبقہ میں حق اور یزیدیت ہر طبقہ میں فتنہ و فساد کی علامت ہے، آج بھی مسلم امہ کو سیدہ زینب (س) کے کردار کو مشعل راہ بنا کر کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ آج مسلم امہ کی وحدت پارہ پارہ ہے جبکہ باطل قوتیں اتحاد و یکجہتی سے مسلم امہ کی تہذیب و ثقافت کو کھوکھلا کر رہی ہیں، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں ہمیں اہل بیت اطہار کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہوگا تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکے۔ وہ TMQ ویمن لیگ کے زیر اہتمام نیشنل میوزیم میں منعقدہ ثانی الزہرہ (س) سیدہ زینب کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی صدر رانی ارشد نے کہا کہ باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا نام سیدہ زینبؓ ہے۔ بظاہر اقتدار کامیابی نہیں آج بھی مسلم امہ کو یزیدیت کا سامنا ہے اتحاد و یکجہتی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ آپ نے ظلم جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسلام کے پرچم کو ہمیشہ سربلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی یزیدی سوچ اور یزیدی کردار کا شاخسانہ تھا۔ آج ہم اسی یزیدی نظام اور یزیدی کرداروں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں جو مظلوم طبقے کو انصاف دینے کے بجائے ظلم و جبر کا راستہ اپنا رہے ہیں۔ راہ عمل فاؤنڈیشن کی چیئرمین لیکچرار جامعہ کراچی سارہ کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی اہل بیت اطہار کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے، سانحہ کربلا تاریخ انسانی کا ایک دلخراش واقعہ ہی نہیں، ظلم و بربریت اور درندگی کی ناقابل فراموش داستان ہی نہیں بلکہ حریت فکر، نفاذ عدل اور انسان کے بنیادی حقوق کی بحالی کی عظیم تحریک بھی ہے۔

سنی اتحاد کونسل کی رہنماء سیدہ توقیر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے بنیادی حقوق غصب کرنا، ظلم و جبر کا نشانہ بنانا، قتل و غارت کرپشن لوٹ مار یزیدی سوچ اور یزیدی کردار کی عکاسی ہے، کربلا میں شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے والے 72 چراغ آج بھی روشن ہیں اور قیامت تک روشن رہیں گے۔ اہل بیت نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے اسلام کو زندہ رکھا۔ سلسلہ قاسمیہ فیروزیہ کی اسکالر طیبہ فیروزی نے کہا کربلا کا پیغام امن و محبت بھائی چارہ ہے۔ سیدہ زینبؓ کا کردار مسلم خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا آج بھی یزیدی قوتیں مسلمانوں کا خون بہا رہی ہیں ہمیں استقامت سے ان باطل قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ کانفرنس سے TMQ کراچی کی ناظمہ نور فاطمہ، ناظمہ تربیت رابعہ انوار، ناظمہ عوت انیلہ فتح، میڈیا کو آرڈینیٹر رخسانہ شعیب نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین خواتین کے وفد سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button