پاکستانی شیعہ خبریں

آئی جی سندھ سے شیعہ تنظیموں کے مشترکہ وفد کی سینٹرل پولیس آفس میں ملاقات

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر پولیس رینج، ڈسٹرکٹ، زون کی سطح پر مجالس، جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ اقدامات کے ساتھ ساتھ مجالس کے مقامات، جلوسوں کے روٹس، پارکنگ ایریاز میں کڑی نگرانی سمیت ممکنہ حساس علاقوں میں پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور انٹیلی جنس کلیکشن وشیئرنگ کی بدولت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف چھاپہ مار کاروائیوں کو مربوط اور موثر بنایا جا رہا ہے۔ میڈیا کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سے سینٹرل پولیس آفس میں شیعہ جماعتوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیس کے دیگر سنیئر افسران بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ چہلم امام حسین ع کے موقع پر تمام مجالس کے مقامات اور جلوسوں کی گذر گاہوں پر مسلسل نگرانی کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ٹیکنیکل سوئپنگ، اسکیننگ اور کلیئرنس کے لئے بھی ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے روابط کے تحت چہلم کے تمام مرکزی جلوسوں کے راستوں، داخلی و خارجی گذر گاہوں پر سیکیورٹی ترتیب دے کر چیکنگ اور کڑی نگرانی کے تمام امور غیر معمولی بنایا جا رہا ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات، لاوارث یا اچانک خراب ہوجانے والی گاڑیوں کو بھی فوری طور پر ہٹائے جانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ اُنہیں بتایا گیا کہ چہلم والے روز کراچی کے تینوں زونز سے برآمد ہونے والے چھوٹے بڑے جلوسوں کی تعداد کم و بیش 70 جبکہ ہونے والی مجالس کی تعداد 290 سے زائد ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہر کی 460 سے زائد امام بارگاہوں، 4317 سے زائد مساجد جبکہ کم وبیش 1354 مدارس کے علاوہ مرکزی جلوس کی گذر گاہوں پر 200 سے زائد منتخب کردہ بلند عمارتوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ چہلم کے موقع پر صوبائی سطح پر پولیس کمانڈوز، ریزرو / اینٹی رائٹس پلاٹونز، اسپیشل برانچ، کرائم برانچ، سی آئی ڈی، ایس آئی یو / سی آئی اے اور تھانہ پولیس کی مجموعی تعداد کے علاوہ کراچی کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے اضافی نفری کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ اُنہیں مزید بتایا گیا کہ مرکزی جلوس کی گذرگاہ کے دونوں جانب منتخب کردہ بلند عمارتوں کے تہہ خانہ جات تا روف ٹاپ چیکنگ، اسکیننگ کے علاوہ روف ٹاپ ڈپلائمنٹ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button