مسلم لیگ ن ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے، تنویر مہدی رہنما ایم ڈبلیو ایم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاسیات تنویر مہدی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے، اپنی دھاندلی چھپانے کے لئے تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کرنا کون سی جمہوریت ہے۔ وحدت ہاؤس پشاور سے جاری بیان میں انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد اور اس کے نتیجے میں دو کارکنوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پر امن حتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے کسی کو بھی تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کا کوئی حق نہیں، فیصل آباد میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ رانا ثناء اللہ نے ایک دفعہ پھر غنڈہ گردی کی تاریخ رقم کی ہے، 8 ہزار پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد انتہائی افسوسناک ہے، اُن کا کہنا تھا کہ احتجاج کی کال تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی تھی، مگر مسلم لیگ ن نے میدان میں اپنے غنڈے اُترا دئیے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنی غاصب حکومت کو بچانے کے لئے خانہ جنگی کرانا چاہتی ہے۔