کراچی، چہلم شہدائے کربلا (ع) کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر
شیعہ نیوز (کراچی) شہر قائد میں چہلم شہدائے کربلا (ع) کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ہے، جہاں ماتمی دستے نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مصروف ہیں۔ مرکزی جلوس بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں نشتر پارک سے برآمد ہوا، اس دوران علم، ذوالجناح اور تعزیئے بھی برآمد ہوتے رہے، جلوس میں علمائے کرام کے علاوہ خواتین، بچے اور مرد بھی بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔ نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے علامہ طالب جوہری نے خطاب کیا۔ مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر مسجد و امام بارگاہ علی رضا پہنچا، جہاں جلوس کے شرکاء نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام نماز ظہرین ادا کی، نماز ظہرین کی امامت علامہ سید منور علی نقوی نے کی۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے نماز ظہرین کے درمیان عزادارنِ امام حسینؑ سے خطاب بھی کیا۔ نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ سید الشہداؑ نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے۔
جلوس کے شرکاء راستے بھر سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کرتے رہے، اس موقع پر لوگوں کی سہولت کے لئے جگہ جگہ پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں اور طبی کیمپ قائم کئے گئے تھے جبکہ کئی مقامات پر لنگر اور نذر و نیاز کی تقسیم کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ چہلم امام حسین کے موقع پر غیر معمولی سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے۔ حفاظتی انتظامات کے تحت جلوس میں شرکت کرنے والوں کی تلاشی کے لئے پولیس کا عملہ تین حصوں میں تقسیم کئے گئے۔ خواتین کی تلاشی کے لئے خواتین اہلکار تعینات کی گئیں۔ چہلم امام حسین کی سیکورٹی کے لئے 5 ہزار پولیس اہلکار تعنیات کئے گئے۔ جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھروگیٹس نصب کئے گئے۔ جلوس بر آمد ہونے سے قبل سراغ رساں کتوں کے ذریعے اسنیپ چیکنگ کی گئیں اور 300 بلند مقامات پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کئے گئے۔