سانحہ فیصل آباد سے مسلم لیگ نون کا کالعدم جماعت سے گٹھ جوڑ ثابت ہو گیا، حامد رضا
شیعہ نیوز (لاہور) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں کونسل کے تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کی زبان بندی نہ ہوئی تو مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے، جوڈیشل کمیشن کی تشکیل میں حکومتی غیر سنجیدگی اور بدنیتی رکاوٹ ہے، سانحہ فیصل آباد سے مسلم لیگ نون کا کالعدم جماعت سے گٹھ جوڑ ثابت ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کا نظام آخری سانسیں لے رہا ہے، 2014ء میں حکومت کی ناقص کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کیا جائے گا، 2015ء کو ’’بیداری شعور اور انقلاب کا سال‘‘ منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی میں احتجاج کے لئے تحریک انصاف کو فری ہینڈ دے کر جمہوری رویے کا مظاہرہ کیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ رانا ثناء اللہ سانحہ فیصل آباد کا ماسٹر مائنڈ ہے، الیکشن کمیشن کو با اختیار اور خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، چاروں صوبائی ارکان الیکشن کمیشن کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو تمام جماعتوں کا مطالبہ ہے، دھاندلی کی شفاف تحقیقات ہوئیں تو حکمرانوں کو گھر جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سانحہ فیصل آباد کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، حکومت غیر قانونی اسلحہ کے خلاف ملک گیر گرینڈ آپریشن کرے، حکمرانوں نے داعش کے خطرے سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں جس کے انتہائی بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔