درندوں کے سرپرستوں اور حمایتیوں کو بھی نیست و نابود کیا جائے، مفتی گلزار نعیمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) انسانیت کے دشمنوں کا نام و نشان مٹایا جائے۔ سانحہ پشاور پاکستانی تاریخ کا المناک حادثہ ہے۔ وحشی درندوں نے جس طرح ہمارے گلابوں کو مسل دیا ہے۔ اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، وقت آگیا ہے کہ ان درندوں کے سرپرستوں اور ان کے حمایتیوں کو بھی نیست ونابود کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حرم پاکستان کے مرکزی صدر مفتی گلزار احمد نعیمی نے جماعت اہل حرم خیبر پختون خواہ کے چیف کوارڈینیٹر مفتی رحمت اللہ جیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ دہشت گردی کے درخت کی شاخیں نہیں بلکہ پورے درخت کو جڑوں سے اکھیڑا جائے۔ وہ سیاسی جماعتیں جو ان دہشت گردوں کو سپورٹ کررہی ہیں۔ ان پر پابندی عائد کی جائے۔ جو لوگ دہشت گردی میں کسی بھی ملوث پائے جائیں ان کو چوراہوں میں پھانسی پرلٹکایا جائے سکولوں پر حملے بربریت کی خوف ناک مثال ہے۔ پاکستان کا خوبصورت چہرہ خون خون کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔