لاہور:،معصوم شہیدوں کے خون نے ضمیروں کو جھنجوڑ ا ہے،ملت جعفریہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور میں ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سانحہ پشاور کی مذمت کی اور کہا کہ 16 دسمبر پشاور کی قیامت صغری سے فقط ہماری ملت ہی نہیں بلکہ مہذب انسانی برادری لرز کے رہ گئی ہے۔ان بے گناہوں،معصوم شہیدوں کے خون نے ضمیروں کو جھنجوڑ ا ہے۔شاید ہی کوئی آنکھ ہو جو ان کے غم میں تر نہ ہوئی ہو۔
کانفرنس میں،وفاق المدارس شیعہ،امامیہ اسٹوڈنٹس ارگنائزیش،امامیہ آرگنائزیشن اور جامعتہ المتظر کے نمائندگاں شامل تھے، انکا کہنا تھا کہ آپ بخوبی آگاہ ہیں یہ سانحہ اچانک رونما نہیں ہوا۔اس خونی کھیل کا پس منظر ربع صدی سے زیادہ پرانا ہے۔یہ سفاک دہشت گردوں کا وہی گروہ ہے جو سالہا سال وطن عزیز کے گلی کوچوں میں چن چن کر بے گناہوں کو قتل کرتا رہا۔ھزارہ برادری کے سینکڑوں بے گناہوں کو شہید کیا،لوگوں کو بسوں سے اتار کر شناخت کر کے شہید کیا۔مساجد،امام بارگاہیں،بازار،کھیل کے میدان،سفارتی مشن،اقلیتیں،کوئی بھی محفوظ نہ رہا۔نہایت تکلیف دہ،تلخ حقیقت ہے کہ ان پچیس،اٹھائیس سالوں میں آنے،جانے والی ہر حکومت کوان دہشت گردوں،ان کے سرپرستوں،ان کی تربیت گاہوں،پناہ گاہوں،حامیوں کا بخوبی علم تھا ۔ملک و ملت کے ذمہ دار،درد مند طبقے حکمرانوں کو بار بار آئین و حکومت کی عملداری کی طرف متوجہ کرتے رہے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی ۔امن کے ضامن قانون خدا قصاص کو پس پشت ڈال دیا گیا جس کے نتیجہ میں یہ سفاک درندے حکمرانوں کی دہلیز تک جا پہنچے،حساس عسکری مراکز و تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور مجبورا پاک فوج کو میدان میں اترنا پڑا۔
جو اقدامات اب کئے جا رہے ہیں،پہلے کئے جاتے تو سینکڑوں گھر اجڑنے سے محفوظ رہ سکتے تھے۔ہم وزیر اعظم صاحب کے اس جرئات مندانہ فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں جس میں سزائے موت پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔حکومت کسی اندرونی،بیرونی دباؤ کی پروا کئے بغیر اپنے فیصلے پر عمل کرے۔
اس موقع پر شرکاء نے کہا ان معصوم طلباء اور دیگر ہزاروں بے گناہوں کے ناحق خون سے انصاف اور قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ :
۱۔جن دہشت گردوں کی اپیل سپریم کورٹ نے مسترد کی ہے ان کو بلا تاخیر تختہء دار پر لٹکایا جائے۔
۲۔قانونی سقم و دیگر وجوہات کی بنا پر بری کئے گئے سفاک دہشت گردوں کو دوبارہ انصاف کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔
۳۔منصوبہ بندی کے تحت جیلوں سے دہشت گردوں کے فرار کے تمام ذمہ داروں کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
۴۔پاک فوج کو پورے ملک میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف بھر پور آپریشن کے لئے فری ہینڈ دیا جائے۔
۵۔دہشت گردوں کے سر پرستوں، حامیوں،مالی و دیگر تعاون کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
۶۔ ہر قسم کی عسکریت پسندی اور اس کے اظہار کو قابل سزا جرم قرار دیا جائے۔آآخر میں شرکاء پریس کانفرنس نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت کی اور اہل خانہ سے تعزیت بھی پیش کی۔