کالعدم تنظیموں پر مکمل پابندی لگاکر آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے، طاہر القادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے 14 نکات پر مشتمل پلان پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خلاف 14 نکات پر مشتمل پلان پیش کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ دہشتگردی کی جنگ کو پاکستان کی جنگ قرار دے اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مصروف فورسز کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے، ملک میں تمام مدرسوں کے لئے ایک نصاب مقرر کیا جائے، دہشتگردوں کو ہونے والی بیرونی ممالک کی فنڈنگ پر پابندی لگائی جائے جبکہ ڈرون حملوں، دہشتگردی اور آپریشن کے متاثرین کی بحالی کے لئے ادارہ قائم کیا جائے۔
طاہرالقادری نے اپنے نکات میں مزید کہا ہے کہ جو بھی دہشت گردوں کے حق میں بیان دے، اس کے لئے عمر قید کی سزا مقرر کی جائے، ملک میں فوجی عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، تاکہ 7 دن کے اندر فیصلے کئے جاسکیں، انتہا پسندی کے لیٹریچر کو تلف کرکے اس کی اشاعت پر پابندی لگائی جائے، مدرسوں کے نصاب کے لئے علماء کرام پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے اور کالعدم تنظیموں پر مکمل پابندی لگائی جائے۔ 14 نکاتی پلان میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے غربت کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ اس بات کا بھی تعین یقینی بنایا جائے کہ دہشتگردوں کو پیسہ اور اسلحہ کہاں سے اور کون فراہم کر رہا ہے۔ طاہرالقادری نے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔