پاکستان میں داعش کا وجود نہیں تو پمفلٹ کون تقسیم کر رہا ہے؟ ابوالخیر زبیر
شیعہ نیوز (پشاور) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا ہے کہ ملک میں داعش کا وجود نہیں تو پمفلٹ کون تقسیم کر رہا ہے۔؟ نواز شریف سانحہ پشاور کے تناظر میں قوم کو اتفاق و اتحاد کی طرف مائل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ پشاور کے حوالے سے ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور نے نہ صرف مسلمان بلکہ پوری انسانیت کے دل اداس اور رنجیدہ کر دیئے ہیں، معلوم نہیں دہشتگردی کے اس واقعہ کو کیا نام دیں، ان دہشتگردوں کو درندہ کہا جائے یا کسی سفاک جانوروں کے ساتھ تشبہہ دی جائے، ان کا کہنا تھا کہ جب بچوں کو درگو کیا جاتا تھا، اس وقت جاہلیت کا زمانہ تھا، آج بھی وہی ہو رہا ہے، بچوں پر کوئی رحم نہیں کیا جا رہا، بلکہ میں یہ کہوں گا کہ یہ واقعہ اس سے بھی زیادہ سفاکانہ ہے، اس عظیم سانحے پر پوری قوم یکجا ہو چکی ہے، مگر افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے حکمران نواز شریف اور دیگر اس سانحے سے فائدہ نہیں لے رہے، قوم کو اتفاق و تحاد کی طرف مائل نہیں کر پا رہے ہیں۔ انہوں نے کراچی آپریشن کی طرف اشارہ کر تے ہوئے کہا کہ کراچی کا آپریشن بھی حکمرانوں کی مصالحتوں کی وجہ سے ناکام ہوگیا ہے، قوم کے اربوں روپے خرچ کرکے بھی اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر داخلہ اس حقیقت سے انکار کر رہے ہیں کہ داعش کا پاکستان میں کوئی وجود ہے، تو پمفلٹ کون تقسیم کر رہا ہے، وال چاکنگ کون کر رہا ہے، اگر اس طرح کی غفلت کی جاتی رہی تو یہ واقعات کیوں کر رونماء نہ ہوں۔