Uncategorized

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی پاک فوج کے حق، دہشتگردی کیخلاف ریلی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور میں اسلام پورہ کی مرکزی جامع مسجد صاحب الزمان سے دہشتگردی کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں اور طالبان کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اسد عباس نقوی اور ایم ڈبلیو ایم لاہور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید جعفر موسوی نے کی جبکہ رانا ماجد علی، مظاہر شگری اور دیگر رہنما بھی ریلی میں شریک تھے۔ ریلی نیلی بار چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ نیلی بار چوک میں ریلی نے جلسہ کی شکل اختیار کر لی جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید جعفر موسوی نے کہا کہ ہم نے پہلے دن ہی دہشت گردوں کے خلاف آواز بلند کی تھی لیکن اس وقت ہماری بات پر دھیان نہ دیا گیا، اب آگ نے شدت اختیار کی ہے تو پوری قوم کو اس کی تپش کا احساس ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف قوم کی بیداری نے ایک حد فاصل کھینچ  دی ہے۔ دہشت گردوں کے مخالف ایک طرف اور حامی ایک طرف ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد کے مولوی عبدالعزیز نے دہشت گردوں کی حمایت نہ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کا سرپرست ہے، جبکہ پوری قوم دوسری جانب دہشت گردوں کی مذمت کر رہی ہے۔ سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ پاک فوج آپریشن ضرب عضب کا دائرہ وزیرستان سے بڑھا کر پورے ملک کے شہروں اور دیہاتوں تک پھیلائے۔ انہوں نے کہا کہ سزائے موت پانے والے دہشت گردوں کو پھانسی دی جائے اور نام تبدیل کر کے کام کرنے والی کالعدم جماعتوں پر مکمل پابندی لگائی جائے اور جرائم میں ملوث ان کے کارکنوں کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد ضرار، لال مسجد اور دہشتگردوں کو پناہ دینے والے دینی مدارس کو بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے مجرموں کے سرغنہ اور سرپرست مولوی عبدالعزیز کو گرفتار کیا جائے اور اس کے خلاف سانحہ پشاور کا مقدمہ درج کیا جائے۔ اسد عباس نقوی نے کہا کہ ہم سانحہ پشاور کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساتھ ہیں اور پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں قانونی پیچیدگیوں کے ذریعے رکاوٹ ڈالنے والے طالبان کے ساتھی شمار ہوں گے، اس لئے دہشت گردوں کے خاتمہ میں روڑے نہ اٹکائے جائیں۔  ریلی کے شرکا لبیک یاحسین علیہ السلام، پاک فوج زندہ باد، طالبان مردہ باد، مولوی عبدالعزیز مردہ باد، دہشتگردی مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button