جس قوم میں تنظیم نہیں وہ قوم لائق تعظیم نہیں، جے ایس او ڈیرہ
شیعہ نیوز (ڈیرہ اسماعیل خان) جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا دو روزہ تنظیمی کنونشن، کوٹلی امام حسین (ع)، ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوا، جس میں طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن میں تحریک جعفریہ پاکستان، خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر، مرکزی صدر جے ایس او وفا عباس نے خصوصی شرکت کی۔ شہید نقوی یونٹ حاجی مورہ کی ڈویژنل کنونشن میں شرکت قابل تعریف تھی۔ دو روزہ ڈویژنل کنونشن میں طلباء کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے مختلف نشستیں ہوئیں، جس میں علماء کرام اور سینئرز نے شرکت کی۔ علامہ محمد رمضان توقیرنے جعفریہ اسٹوڈنٹس کے ڈویژنل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی تنظیمی ذمہ داریوں کو بھی اچھی طرح نبھائیں۔ آپ طلباء نے اس ملک و قوم کی تقدیر کو بدلنا ہے۔ تعلیم کی ذریعے دیگر قوموں نے ترقی کی، آپ کو زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرنی چاہیے، اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مرکزی صدر جے ایس او وفا عباس نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے ایس او ڈیرہ کی فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جے ایس او کو ڈیرہ اسماعیل خان میں مزید فعال بنایا جائے۔ نچلی سطح تک یونٹس بنائے جائیں۔ سینیئر طلباء تعلیم کے حوالے سے جونیئرز کی بہترین رہنمائی کریں۔ وفا عباس نے نو منتخب صدر برادر وسیم عباس سے حلف لیا۔