وزیرستان کے طالبان سے زیادہ پارلیمنٹ میں بیٹھے طالبان مائنڈ سیٹ سے خطرہ ہے، علامہ ناصر عباس
شیعہ نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں عمائدین اور کارکنان سے خطاب میں کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشتگردوں نے آج پھر ریاست پر وار کیا ہے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، لورالائی کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے دہشت گردوں کی سیاسی، معاشی طاقت اور مذہبی جنونیت کو ختم کرنا ہو گا، سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر جہاں ہمیں فخر ہے، وہاں ہر پاکستانی کا دل رنجیدہ ہے۔ انہوں نے لورالائی میں سکیورٹی فورسز پر طالبان درندوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دیرپا امن اور ملکی سلامتی واستحکام کے لیے طالبان اور طالبان مائنڈ سیٹ کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، وزیرستان کے طالبان سے زیادہ ملک کو پارلیمنٹ میں بیٹھے طالبان مائنڈ سیٹ سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بارہا اعلان کرتے رہے کہ طالبان اور ان کے حامی پاکستان کو ایک دلدل کی طرف دھکیل رہے ہیں لیکن افسوس ریاستی اداروں اور حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، آج حکمران اعتراف جرم کر رہے ہیں کہ ہم نے ان شیطانوں سے مذاکرات کی بڑی غلطی کی، دراصل مذاکرات کا بہانہ بنا کر پاکستانیوں کا قتل عام کیا گیا اور اس سازش میں طالبان مائنڈ سیٹ کا بڑا کردار ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آج ہمارے وزیر داخلہ تذبذب کا شکار ہیں، دس فیصد دہشت گرد مدارس کا اعتراف قوم کے سامنے کرنے کے باوجود انہی مدارس کو یقین دہانی کروا رہے ہیں کہ ہم آپ کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کر رہے، پاکستان کو دہشت گردی اور مٹھی بھر دہشت گرد گروہ سے نجات دلانے کے لئے نڈر قیادت کی ضرورت ہے، ہمارے حکمران دہشت گردوں کے سیاسی اتحادیوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں اور ان حکمرانوں کی قیادت میں دہشت گردوں کو شکست دینا ممکن نظر نہیں آ رہا۔