ملی یکجہتی کونسل ذاتی مفادات کے باعث اپنی افادیت کھو چکی ہے، پیر اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز (لاہور) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے دہشت گردی کے خلاف سیاسی مذہبی جماعتوں کے مشترکہ موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل ذاتی مفادات کے باعث اپنی افادیت کھو چکی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جمعیت علما پاکستان کی قیادت ملی یکجہتی کونسل کے بانیوں میں سے ہے مگر اب اس پلیٹ فارم کو ذاتی تشہیر اور مفادات کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وحدت اور ہم آہنگی اس کی ترجیح نظر نہیں آتی، ایسے لوگوں کو ملی یکجہتی کونسل میں شامل کر لیا گیا ہے جن کا ایجنڈا وحدت کے نام پر نفاق اور تقسیم ہے اور اسی ایجنڈے پر وہ کام کر رہے ہیں، انہیں قومی مفاد کی بجائے، اپنی تشہیر عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل سنت کی نمائندگی جمعیت علما پاکستان کرتی ہے، مگر ملی یکجہتی کونسل میں رکنیت اس شخص کی ہے، جسے اپنی گدی کے سوا کسی کی حمایت تک حاصل نہیں، وہ اپنے مریدوں پر مشتمل گروہ بنا کر اہل سنت کے مفادات کو فروخت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملی یکجہتی کونسل اپنا کردار ادا کرتی تو ملک میں منافرت نہ ہوتی، تمام فرقوں میں ہم آہنگی ہوتی، سوائے علامہ ساجد علی نقوی اور لیاقت بلوچ کے ملی یکجہتی کونسل میں کوئی شخصیت نہیں، جس کا قومی وحدت میں کوئی کردار رہا ہو۔