راولپنڈی کا رضوی خاندان تیسری بار دہشت گردوں کا نشانہ بنا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چھ روز پہلے راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں دھماکا ہوا تھا۔ اس میں شہید ہونے والے 2 بچوں کے باپ محمد حیدر رضوی کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جو 3 بار دہشت گردی کا نشانہ بنا۔ بار بار دہشت گردی کا نشانہ بننے والے اس خاندان کا تعلق معروف ادیب اور شاعر سید ابو محمد رضویٰ سے ہے، انہیں قائد اتحاد بین المسلمین کے نام سے جانا جاتا تھا۔ ان کے بڑے بیٹے اور نامور مصنف عون محمد رضوی کو 16 سال پہلے ان کے بچوں کے سامنے دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا۔ شمیم حیدر رضوی کا کہنا ہے کہ ہمارے خاندان پر یہ تیسرا حملہ ہے، شاید ہم نے اتحاد بین المسلمین کے لیے کام کیا۔ شمیم حیدر رضوی بھی شاعر اور مصنف ہیں۔ انہوں نے بھی اپنے والد اور بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کیلئے کام جاری رکھا، یہ بھی دہشت گردی کا شکار بنے۔
راولپنڈی میں یہ خاندان اس وقت تیسری بار دہشت گردی کانشانہ بنا جب گھر میں محفل میلاد جاری تھی۔ واقعہ میں سید ابو محمد رضوی کے چھوٹے بیٹے ابن رضوی زخمی ہوئے جبکہ 29 سالہ حیدر رضوی سمیت 7 افراد شہید ہو گئے۔ محمد حیدر رضوی کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری تو دنیا ہی لٹ گئی۔ حیدر رضوی کی ساس نے کہا کہ ہمیں تو بھائیوں کی فکر پڑ گئی تھی مگر کیا پتہ تھا میرا گھر اجڑ گیا، میرا نوجوان داماد شہید ہو گیا۔ محمد حیدر رضوی کی ماں صدمے سے نڈھال ہے تو اس کی 25 سالہ بیوی اپنے ۹ ماہ کے بیٹے کی ننھی انگلیاں مضبوطی سے تھامے خاموشی کی تصویر بن گئی ہے۔ سید ابو محمد رضوی اور ان کے خاندان نے ادب اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے ہمیشہ اپنی خدمات سر انجام دی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دہشتگردی کی کاروائیوں سے گھبرا کر اتحاد بین المسلمین کا فروغ نہیں چھوڑیں گے۔