فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف جمعیت کی کراچی میں ریلی، متعدد صحافی اور پولیس اہلکار زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فرانس میں گستاخانہ خاکے جاری ہونے پر جماعت اسلامی کی بغل بچہ طلباء تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کی جانب مارچ اور احتجاج کیا گیا، جس کے دوران پولیس کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، جب کہ واٹر کینن کا بھی بلا تکلف استعمال کیا گیا، فائرنگ سے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا فوٹو گرافر شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ گستاخانہ خاکے شائع فرانس میں ہوئے اور ایک بار پھر اس کا ملبہ پاکستان میں گر پڑا، جماعت اسلامی کی جانب سے اسلام کے حق میں ریلی لوگوں کے گلے پڑ گئی،جریدے میں شائع ہونے والے گستاخانہ خانوں کے خلاف اسلامی جمعیت طلبا کی نے نماز جمعہ کے بعد اپنا فریضہ اؤل سمجھتے ہوئے فرانسیسی قونصل خانے کی جانب مارچ اور احتجاج کا سلسلہ شروع کیا، جسے روکنے کیلئے پولیس اہل کاروں کی جانب سے شدید آنسو گیس اور ہوائی فائرنگ کی گئی، ہوائی فائرنگ میں چلائی گئی گولیوں میں سے ایک بد مست گولی فرائض کی انجام دہی میں مصروف نیوز اجنسی کے فوٹو گرافر کے جسم میں پیوست ہوگئی، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کراچی کے مصروف ترین پوش علاقے میں دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے کے بعد علاقے کی سڑکیں اور گلیاں میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگیں، پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپ کے بعد دونوں جانب سے شدید پتھراؤ بھی کیا گیا، پولیس اہل کاروں اور اسلامی جمیعت طلباء کے مشتعل افراد نے اندھا دھند ایک دوسرے پر پتھر برسائے، جس سے قریب کھڑی گاڑیاں شدید متاثر ہوئیں اور ان کے شیشے ٹوٹ گئے، پتھرؤں کی زد میں آکر متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کے باعث لوگوں کا سانس لینا دشوار ہوگیا۔مظاہرین کی فرانسیسی قونصل خانےکی جانب پیش قدمی کی کوشش کو روکنے کیلئے پولیس اور مظاہرین میں بدترین تصادم ہوا۔ اس دوران متعدد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔ بعض افراد کی جانب سے میڈیا کو کوریج سے بھی روکا گیا اور سنگین تنائج کی دھمکی دی گئی۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ کے باعث میڈیا کی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔