تکفیریت کی پاکستان سمیت دنیا میں کہیں کوئی جگہ نہیں، تہور حیدری
شیعہ نیوز (راولپڈی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے زیراہتمام شہر کے مقامی ہوٹل میں ہفتہ وحدت کے سلسلہ میں ایک کانفرنس بعنوان ’’وحدت اسلامی کانفرنس‘‘ کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلباء کی بڑی تعداد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، علامہ علی حسین مدنی، تحریک اسلام کے سربراہ علامہ حیدر علوی، مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف اور انجمن طلباء اسلام کے سکرٹری جنرل جہانزیب ستی نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کی اصل وجہ ہماری ناچاکی ہے، دشمن چاہتا ہے کہ امت تقسیم رہے اور وہ اپنی مذموم کارروائیاں انجام دے سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حزب اللہ اور حماس متحد ہوجائیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا کی چوتھی سپر طاقت اسرائیل شکست کھا جاتی ہے اور اگر داخلی انتشار کی بات کریں تو آج عراق و شام اور افغانستان کی صورتحال ہمارے سامنے ہے۔ تہور حیدری کا کہنا تھا کہ ان ممالک میں دشمن نے آگ لگائی ہے، جس کا فائدہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو پہنچ رہا ہے۔ جان بوجھ کر فرقہ وارانہ مسائل کو اچھالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اکبر کہہ کر مسلمانوں پر خودکش حملے کرنا فقط امریکہ اور مغرب کے فائدے میں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کہ دہشتگردی میں ملوث مدارس اور ان کے حامیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ مرکزی صدر آئی ایس او کا کہنا تھا کہ پشاور سانحہ نے پوری قوم کو جگا دیا ہے، معصوم بچوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ تمام طلباء جماعتیں اس بات پر متحد ہیں کہ دہشتگردوں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کیا جائے۔