اپنے سعودی آقا کی خوشنودی کیلئے حکومت نے مشرف کو جانے کی اجازت دے دی، جمیل بگٹی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ سے بلوچ دوستی اور بلوچستان سے محبت کا راگ الاپتی رہتی ہے لیکن ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو سعودی عرب جانے کی اجازت دیکر میاں محمد نواز شریف نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں بھی نواب اکبر بگٹی اور بلوچوں کو دوستی کی آڑ میں دھوکہ دیا تھا۔ میرے لئے اور بلوچوں کیلئے میاں محمد نواز شریف کا پرویز مشرف کو راہ فرار فراہم کر دینا کوئی حیرت کی بات نہیں۔ جو شخص کئی سالوں سے کوئٹہ میں قائم انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی سے بیماری کے بہانے کتراتا رہا وہی شخص اب سعودی عرب تک کا سفر کریگا۔ اپنے مرحوم آقا کی فاتحہ اور نئے آقا کی خوشنودی کیلئے حکومت نے اسے جانے کی اجازت دی کیونکہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف اپنے سعودی آقاؤں کو اپنا نجات دہندہ سمجھتا ہے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت سے باقاعدہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد بلوچوں کو کچھ امیدیں وابستہ ہوئی تھی، کہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے خلاف کارروائی ہوگی لیکن میاں محمد نواز شریف نے ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو راہ فرار فراہم کرکے ایک بار پھر دھوکہ دیا ہے۔ میاں محمد نوازشریف کے اس اقدام سے بلوچوں کی اور بلوچ پارٹیوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیئے۔