مرکزی جنرل سیکرٹری آئی ایس او مدثر عباس وفد کے ہمراہ شکارپور روانہ ہوگئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری مدثر عباس وفد کے ہمراہ سانحہ شکار پور کے زخمیوں کی عیادت کے لئے شکار پور روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر وہ شہداء کے ورثا سے ملاقات اور اظہار تعزیت کریں گے۔ وفد میں ان کے ہمراہ علامہ اسد عباس نقوی، سابق ترجمان آئی ایس او ڈاکٹر تجمل نقوی اور ڈویژنل صدر راولپنڈی وفا عباس نقوی شکار پور گئے ہیں۔ مرکزی جنرل سیکرٹری نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور نے ایک بار پھر پاکستانیوں کی روح و دل کو زخمی کر دیا ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو چکی ہے اور پاک فوج کے ساتھ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضرب عضب آپریشن کی طرح ملک بھر میں دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکار پور اور پشاور سکول کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گردوں نے ایک بار پھر اسلام اور پاکستان دشمنی کا ثبوت دیا ہے، پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں اور ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔پائیدار امن کے لئے حکومت اور سکیورٹی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انکا کہنا تھا کہ ہمارے حوصلے پست ہونے والے نہیں ملت تشیع کا ماضی شہادتوں سے سرخ ہے حکومت سندھ سے متعدد بار احتجاج کے باوجود شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔