گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے ابھی تک کسی پارٹی سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سیاسی پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین علامہ عارف حسین واحدی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان ماضی کی طرح اب بھی گلگت بلتستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے، کسی بھی سیاسی یا دینی پارٹی سے انتخابی اتحاد کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، سیاسی افراد سے ملاقاتیں سیاسی عمل کا حصہ ہیں، جس کے لئے ہمارا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے۔ میڈیا کے بعض افراد خبروں کے حوالے سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کسی بھی سیاسی پارٹی سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، جب بھی کوئی فیصلہ ہوا تو عوام کو سب سے پہلے آگاہ کریں گے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے، ماضی میں بھی جی بی میں ہماری حکومت رہی ہے۔ بعض ذرائع اسلامی تحریک پاکستان کے سیاسی پارٹیوں سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسمنٹ کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ سیاسی پارٹیوں سے ملاقاتیں سیاسی عمل کا حصہ ہیں، جس کے لئے ہمارا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے۔ اسلامی تحریک پاکستان آئندہ انتخابات میں صرف گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے گی، علاقے کے عوام کے مفاد اور ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں، انہیں ہر قسم کے حقوق دلاوانا اور سہولیات پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔