ملت تشیع کا خون بہا کر پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوشش کیجا رہی ہے، تہور حیدری
شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر تہور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت قومی ایکشن پلان کو نافذ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ پاکستان میں ملت تشیع کو آئے روز نشانہ بنایا جاتا ہے، مگر حکومت دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں واقع قصر سکینہ میں نمازیوں پر ہونے والے حملے کے مذمتی بیان میں کیا۔ لاہور سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی اس دہشتگردی کی شدید مذمت کی اور شہید محافظ کی جرآت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا، جس نے بروقت کاروائی کرکے خودکش حملے کو ناکام بنایا اور درجنوں نمازیوں کی جانیں محفوظ کیں۔ واضح رہے کہ قصر سکینہ پر ہونے والے حملے میں شہید محافظ نے خودکش حملہ آور کو جیکٹ پھاڑنے سے پہلے ہی گولی مار دی تھی۔ تہور حیدری نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان میں ضرب عضب آپریشن کی طرز پر ملک گیر آپریشن نہیں کیا جاتا، دہشتگردی سے چھٹکارا حاصل کرنا محال ہے۔ درالحکومت میں دہشتگردانہ کاروائیاں حکومتی غیرت پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، امن کے دشمن پاکستان میں ملت تشیع پاکستان کا خون بہا کر وطن عزیز کو میدان جنگ بنانے کے درپے ہیں۔