پاکستانی شیعہ خبریں

دنیا کو دہشتگردی سے بچانے والا پاکستان آج خود دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، ثروت اعجاز قادری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار قیام امن کیلئے طاقت کے توازن کو بیلنس رکھنا ہوگا، امریکا کے بھارت کیساتھ معاہدے سے پاکستان متاثر ہوگا، جو کسی طور بھی خطے کے بہتر مفاد میں نہیں ہے، بھارت پاکستان کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتا، امریکا بھارتی معاہدوں کا بغور جائزہ لے، تاکہ خطے میں طاقت کے توازن کو بیلنس رکھا جا سکے، پاکستان کو عالمی منڈی تک رسائی نہ دینا افسوسناک عمل ہے، پاکستان سرحدوں پر بھارتی جارحیت امریکا سمیت اقوام متحدہ کو کیوں نظر نہیں آتی، پوری دنیا کو دہشتگردی سے بچانے والا پاکستان آج خود دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر رفاعی وسماجی رہنماﺅں سے مرکز اہلسنت پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کی دہشتگردی اور جارحیت سے نمٹنے کی بہترین صلاحیت رکھتی ہے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کیلئے ملک کا ایک ایک فرد پر عزم ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی سازشوں میں گھرا ہوا ہے، تمام مذہبی و سیاسی قوتیں مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں اہم فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا اور مرنا اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کیلئے ہے، مرتے دم تک پاکستان کا پرچم بلند رکھیں گے، ہماری اولادیں بھی پاکستان کے پرچم کو بلند رکھنے کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگی، ہماری شان، آن اور پہچان پاکستان ہے، اس کے تشخص کو خراب کرنے والوں کی آنکھ پھوڑنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک کا کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کرتا، وہ بھلا کس طرح سلامتی کونسل کا رکن بن سکتا ہے، مظلوم کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد منظور ہونے کے باوجود حق خود ارادیت کی جنگ میں ایک لاکھ سے زائد جانوں کے نذرانے دے چکے، بھارتی جارحیت اور کشمیری عوام کا بہتا ہوا خون امریکا اور اقوام متحدہ کو کیوں دکھائی نہیں دیتا۔ ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کو امریکا کے بھارت کے ساتھ معاہدوں پر شدید خدشات و تحفظات ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button